ڈرامہ ’’سالگرہ‘‘اور’’شام بھی تھی دھواں دھواں‘‘پیش

راحت کاظمی اورنائلہ جعفری نے کردار ادا کیے، آرٹس کونسل میں ڈرامے 23 دسمبرتک جاری رہینگے.

راحت کاظمی اورنائلہ جعفری نے کردار ادا کیے، آرٹس کونسل میں ڈرامے 23 دسمبرتک جاری رہینگے. فوٹو : ایکسپریس

نیشنل اکیڈمی آف پرفارمنگ آرٹ کے نئے تھیٹر ڈرامے''سالگرہ'' اور ''شام بھی تھی دھواں دھواں''کا آرٹس کونسل میں آغاز ہوگیا ۔

ناپا کی جانب سے عوام کے لیے ایک ٹکٹ میں دو ڈرامے پیش کیے گئے،ضیا محی الدین کی ہدایت میں جاویدصدیقی کا تحریر کیا ہوا تھیٹر ڈرامہ (سالگرہ ) پہلے حصے میں پیش کیاگیا،اس تھیٹر ڈرامے میں ایسے میاں بیوی کی کہانی پیش کی گئی ہے جو طویل عرصے کی محبت کے بعد شادی کے بندھن میں بندھ جاتے ہیں مگر پھر بھی ساتھ رہتے ہوئے ایک دوسرے کے قریب نہیںآسکتے، اس ڈرامے میں اداکار راحت کاظمی اور نائلہ جعفری نے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کیا ،عوام نے دونوں فنکاروں کو کھڑے ہوکر داد دی، اس ڈرامے کے اختتام کے بعد ناپا کی جانب سے پیش کیا جانے والا دوسرا ڈرامہ (شام بھی تھی دھواں دھواں) کا 10منٹ کے وقفے کے بعد آ غاز ہوا۔




یہ کھیل ایسے کرداروں پر مبنی تھا جو اپنی اپنی تنہائیوں میں قید ہیں اورکہیں یہ کوشش کرتے ہیں کہ خاموشی کے اس طلسم سے باہر نکل آئیں اور کوئی حرف محبت کہہ سکیں لیکن تنہائیوں کی گرفت اتنی سخت ہے کہ باوجود کوشش کے نہیں ٹوٹتی سو دونوں ایک دوسرے کی طرف ہاتھ بڑھاتے ہیں لیکن پھر کھینچ لیتے ہیں،ان دوکھیلوں کے بارے میں قابل ذکر بات یہ ہے کہ مرد اور عورت کا کردار راحت کاظمی اور نائلہ جعفری ادا کررہے ہیں، یہ دونوں ڈرامے 15 دسمبر سے 23دسمبر تک آرٹس کونسل میں جاری رہیں گے۔

ان تھیٹر ڈراموں کے حوالے سے اداکار راحت کاظمی کا کہنا تھا کہ یہ دونوں اپنی نوعیت کے خوبصورت کھیل ہیں،شائقین تھیٹر ایک مدت سے اچھا ڈرامہ دیکھنا چاہتے تھے مگر وہ اس سے محروم تھے،ضیا محی الدین کی سربراہی میں عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کا موقع ملا ہے، آج بڑی تعداد میں لوگوں کا شریک ہونا اس بات کی دلیل ہے کہ ہمارے ہاں تھیٹر سے محبت کرنیوالے لوگ موجود ہیں۔
Load Next Story