ہنزہ کی پہاڑی سڑک پر 60 کلو میٹر ریورس گاڑی چلانے والا پاکستانی

غیر مقامی لوگ اس خطرناک سڑک پر سفر کا سوچ بھی لیں تو خوف طاری ہو جاتا ہے۔

مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ اس خطر ناک سڑک پر ریورس گاڑی چلانا ایک ریکارڈ ہے۔۔ فوٹو: فائل

ہنزہ کے گاؤں شمشال کے ڈرائیور مرزا امان نے خطرناک پہاڑی سڑک پر ریورس گاڑی چلا کر انوکھا ریکارڈ بنا دیا ہے۔

ایک ٹی وی کے مطابق وادی ہنزہ کا گاؤں شمشال وہ مقام ہے جسے صرف ایک ہی روٹ دنیا کے دیگر حصوں سے ملاتا ہے۔ یہ روٹ انتہائی پرخطر اور دشوار ہے جس میں ایک وقت میں ایک ہی گاڑی گزر سکتی ہے۔ غیر مقامی لوگ اس خطرناک سڑک پر سفر کا سوچ بھی لیں تو خوف طاری ہو جاتا ہے۔


گاؤں شمشال کا رہائشی مرزا امان پچھلے گیارہ سال سے اسی سڑک پر گاڑی چلا کر گاؤں میں بسنے والے تین سو گھرانوں پر مشتمل چودہ سو افراد کی آمد و رفت کا ذریعہ بنا ہوا ہے۔ مرزا امان اس سڑک سے اس قدر مانوس ہو چکا ہے کہ گاڑی سیدھی چلانی پڑے یا الٹی اسے خوف نہیں آتا۔ مرزا امان نے اس پر خطر اور دشوار گزار سڑک پر ساٹھ کلومیٹر کا طویل راستہ ریورس گاڑی چلا کر طے کیا۔ یہ فاصلہ طے کرنے میں اسے ساڑھے چار گھنٹے کا وقت لگا۔

اس کا کہنا ہے کہ آج تک اس سڑک پر اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے۔ مقامی لوگوں کا دعویٰ ہے کہ اس خطر ناک سڑک پر ریورس گاڑی چلانا ایک ریکارڈ ہے۔ آج تک کسی نے یہ جرات نہیں کی ہے۔ انھوں نے مرزا امان کو اس کارنامے پر سراہا ہے۔

Load Next Story