کوئی طاقت ہمارا اسلام آباد دھرنا نہیں روک سکتی عمران خان

ہمارے لوگ رکنے والے نہیں اوراگر انہیں روکنے کی کوشش کی یا پکردھکڑبند نہ ہوئی توانتشار پھیلے گا، چیرمین پی ٹی آئی

نواز شریف فوجی آمر کی پیداوارہیں اورانہوں نے ہمیشہ امیرالمومنین بننے کی کوشش کرتے ہیں، عمران خان، فوٹو: ایکسپریس

چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ ایک بارپھر پوری قوم کو 2 نومبر کے اسلام آباد دھرنے میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتا ہوں اورکوئی طاقت ہمیں دھرنے سے نہیں روک سکتی۔

بنی گالہ میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اربوں روپے کی کرپشن میں پکڑے گئے ہیں، نوازشریف نے کرپشن کے لئے ادارے اوردو قومی نظریے کو تباہ کردیا ہے، نوازشریف کے پاس احتساب یا استعفیٰ دینے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن موجود نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت ہمارے پرامن جمہوری حق کونقصان پہنچانے کی کوشش کررہی ہے، اگرہمارے کارکنوں کی پکردھکڑ بند نہ ہوئی توانتشارپھیلے گا، ہمارے لوگ رکنے والے نہیں ہیں اورانہیں کوئی روک نہیں سکے گا۔ نوازشریف ضمیروں کے سودا گرہیں،اُن کی بادشاہت کی مذمت کرتا ہوں، وہ فوجی آمرکی پیداواراورانہوں نے ہمیشہ امیرالمومنین بننے کی کوشش کرتے ہیں۔


عمران خان کا کہنا تھا کہ ہ قوم ڈوب رہی ہے، ڈھائی کروڑبچے اسکول سے باہرہیں، ملک کی ایک بڑی آبادی غذائی قلت کا شکار ہے، لوگ بھوکے مررہے ہیں اوراسٹیٹس کوکے لوگ کہہ رہے ہیں کہ اسلام آباد بند ہوجائے گا تو ان کے بچے اسکول کیسے جائیں گے، کیا وہ ڈھائی کروڑ بچے پاکستانی نہیں جو اسکول نہیں جا رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کا ضمیراوراخلاقیات مرچکی ہے اورمیں اسٹیٹس کوکے لوگوں کو تکلیف دوں گا۔ کل جو شہبازشریف نے ڈرامے سے بھرپورتقریرکی انہیں توایوارڈ ملنا چاہیئے، شہبازشریف نے 6 ارب روپے کے قرضے لے رکھے تھے انہیں تو 2013 میں الیکشن لڑنے کی اجازت ہی نہیں ملنی چاہیئے تھی، شہبازشریف کوان کی کل کی تقریرپربھارتی فلموں میں کام کرنا چاہیئے ۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ 2 نومبر کے دھرنے کے لئے میرا عزم اورولولہ ہرروزبڑھتا جا رہا ہے، تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایک بار پھر دھرنے میں بھرپور طریقے سے شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ہاتھ ماڈل ٹاؤن کے افراد کے خون میں رنگے ہوئے ہیں، اگرآپ یہ سمجھتے ہیں کہ آپ پھرسے لوگوں پرتشدد کریں گے تویہ قوم آپ کو کبھی معاف نہیں کرے گی، آپ لوگ عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے تنخواہیں لیتے ہیں نا کہ شریف خاندان اپنی جیب سے آپ لوگوں کو پیسے فراہم کرتا ہے، اس لئے پنجاب اوراسلام آباد پولیس سے کہتا ہوں کہ شریف خاندان کے گلوبٹ بننے کے بجائے آئین اورقانون کے تحت قوم کی خدمت کریں۔

Load Next Story