امریکااسکول میں فائرنگ20 بچوں سمیت 28 افراد کی ہلاکت پر3روزہ سوگ کا اعلان
امریکی ریاست کنیٹی کٹ میں اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 20 بچوں سمیت 28 افراد کی ہلاکت پر صدر براکج اوباما نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ملک بھر میں 3 روزہ سوگ کا اعلان کیاہے۔
اسکول میں فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدر اوباما نےکہا کہ انہیں مرنے والوں کے لواحقین سے ہمدردی ہے۔ امریکا ماضی میں اس طرح کے کئی صدمے برداشت کرچکا ہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب وائٹ ہاؤس کے باہر امریکی عوام کی جانب سے مرنے والوں کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں، اس موقع پر وہاں موجود افراد نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر اسلحے کے خلاف قانون سازی کے مطالبات درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکی حکومت اسلحے کی خرید و فروخت پر کنٹرول کے لئے جامع قانون سازی کرے۔ امریکا میں ہر شہری کو اسلحہ رکھنے کی آزادی ہے تاہم بڑھتے ہوئے فائرنگ کےواقعات کے بعد اسلحے پر پابندی کا مطالبہ زور پکڑ گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی ریاست کنیٹی کٹ کے ایک اسکول میں فائرنگ کے واقعے میں 20 بچوں سمیت28 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے۔