افغانستان طالبان کی فائرنگ ایک امریکی شہری 2 افغانی ہلاک

افغان حکام کاکابل میں انٹرنیشنل ہوٹل پردہشتگرد حملے کامنصوبہ ناکام بنانے کادعویٰ

امریکی شہری کو پروان میں ماراگیا، افغان حکام کاکابل میں انٹرنیشنل ہوٹل پردہشتگرد حملے کا منصوبہ ناکام بنانے کادعویٰ۔ فوٹو رائٹرز

افغانستان کے مغربی صوبے فرح میں ایک پولیس کمانڈر اور13 اہلکار منحرف ہو کر طالبان سے مل گئے جبکہ طالبان جنگجوئوں نے فائرنگ کر کے ایک امریکی شہری اور اس کے دو افغان ساتھیوں کو ہلاک کردیا۔ حکام کے مطابق میرواعظ نامی یہ کمانڈر ایک حفاظتی چوکی پر تعینات بیس اہلکاروں کا انچارج تھا اور اس نے اتوار کو منحرف ہونے کا فیصلہ کیا۔

افغان حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ یہ افراد جاتے ہوئے اپنے ساتھ بھاری اسلحہ، ریڈیو اور دو امریکی ساختہ بکتر بند ہمرجیپیں بھی لے گئے ہیں۔ پولیس کمانڈر میر واعظ بالا بلک نامی ضلع کے شیون نامی گاؤں میں تعینات تھا جسے طالبان کا مضبوط گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ افغان پولیس اور خفیہ اداروں کے حکام کا کہنا ہے کہ کمانڈر نے ان سات اہلکاروں کو زہر دے دیا جنھوں نے اس کا ساتھ نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ افغانستان میں پولیس اہلکاروں کے منحرف ہونے کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔


خدشہ ہے کہ منحرف ہونے سے قبل وہ کافی عرصے سے مزاحمت کاروں کو خفیہ اور اہم معلومات فراہم کرتے رہے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ منحرفین جو سامان اپنے ساتھ لے گئے ہیں ان میں راکٹ کی مدد سے چلنے والے بم، بھاری مشین گن، ریڈیو اور دو ہمر جیپوں سمیت پولیس کی گاڑیاں شامل ہیں اور یہ سامان علاقے میں سرگرم طالبان کے لیے ایک اہم کمک ثابت ہو سکتا ہے۔

اے ایف پی کے مطابق صوبہ پروان کی وادی گوربند میں طالبان نے فائرنگ کرکے ایک امریکی شہری اور اس کے دو افغان ساتھیوں کو ہلاک کردیا، امریکی سفارتخانے نے اپنے شہری کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے۔آن لائن کے مطابق افغان انٹیلی جنس اور قومی سلامتی ڈائریکٹوریٹ کے حکام نے دارالحکومت کابل میں ایک بڑے انٹرنیشنل ہوٹل پر دہشت گرد حملے کا منصوبہ ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story