براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں 11 کروڑ 37 لاکھ ڈالر کمی

جولائی تا نومبر 30.56 کروڑ ڈالر ایف ڈی آئی، پورٹ فولیو انویسٹمنٹ بڑھنے سے مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری میں33 فیصد اضافہ

سوئٹزرلینڈ7.7 کروڑ، برطانیہ 7.6 کروڑ، امریکا7.4 کروڑ، فلپائن نے7.3 کروڑ ڈالر براہ راست سرمایہ کاری کی، یواے ای، قطر، سعودیہ، ناروے، کینیڈا، مصر نے سرمایہ نکالا۔ فوٹو: اے ایف پی/ فائل

ISLAMABAD:
ملک میں گزشتہ ماہ 6 کروڑ15 لاکھ ڈالر کی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) ہوئی جس کے بعد رواں مالی سال کے ابتدائی 5 ماہ (جولائی تانومبر 2012) کے دوران مجموعی براہ راست بیرونی سرمایہ کاری کی مالیت 30 کروڑ56 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت سے 27.1 فیصد (11 کروڑ 37 لاکھ ڈالر) کم ہے۔

جولائی تا نومبر 2011کے دوران 41 کروڑ 93 لاکھ ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی تھی۔ یاد رہے کہ کئی سال سے پاکستان میں بدامنی اور توانائی کے سنگین بحران کے باعث صنعتی و تجارتی سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں، بیرونی سرمایہ کار پاکستان آنے سے کترا رہے ہیں، اس کے علاوہ عالمی اقتصادی بحران بھی پاکستان میں براہ راست بیرونی سرمایہ کاری میں کمی کی وجہ ہے، مالی سال 2007-08 میں ملک میں ایف ڈی آئی 5 ارب41 کروڑ 2 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی تھی جبکہ مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری کی مالیت 5 ارب 47 کروڑ 52 لاکھ ڈالر تھی۔

اس کے بعد سے بیرونی سرمایہ کاری میں مسلسل کمی آرہی ہے، گزشتہ مالی سال کے دوران براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری صرف 82 کروڑ7 لاکھ ڈالر ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں مالی سال کے دوران اب تک صرف 30 کروڑ56 لاکھ ڈالرکی ایف ڈی آئی ریکارڈ کی گئی ہے، رواں مالی سال جولائی سے نومبر تک مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 44 کروڑ 38 لاکھ ڈالر رہی جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 28 کروڑ 66 لاکھ ڈالر کی بیرونی سرمایہ کاری سے 54.9 فیصد زیادہ ہے جس کی بڑی وجہ پورٹ فولیو انویسٹمنٹ میں 278.7 فیصد اضافہ ہے۔




اس مد میں گزشتہ 5ماہ کے دوران 14 کروڑ48لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی جبکہ مالی سال 2011-12 کے ابتدائی 5ماہ کے دوران پورٹ فولیو انویسٹمنٹ سے 8 کروڑ 10 لاکھ ڈالر نکال لیے گئے تھے، جولائی تا نومبر 2012 کے دوران غیرملکی نجی سرمایہ کاری (براہ راست بیرونی سرمایہ کاری اور فورٹ فولیوانویسٹمنٹ) کی مالیت 33.1 فیصد کے اضافے سے 45 کروڑ 4لاکھ ڈالر رہی جبکہ فارن پبلک انویسٹمنٹ میں 66لاکھ ڈالر کمی آئی، اس طرح مجموعی بیرونی سرمایہ کاری 44کروڑ38 لاکھ ڈالر رہی، نومبر2012 میں 1کروڑ84 لاکھ ڈالر کی پورٹ فولیوانویسٹمنٹ ریکارڈ کی گئی جبکہ نومبر 2011 میں 61لاکھ ڈالر کاانخلا ریکارڈ کیاگیاتھا۔

گزشتہ ماہ بیرونی نجی سرمایہ کاری کی مالیت 7کروڑ99 لاکھ ڈالر رہی جبکہ غیرملکی سرکاری سرمایہ کاری میں 9لاکھ ڈالر کمی آئی، اس طرح نومبر میں مجموعی غیرملکی سرمایہ کاری 7کروڑ90 لاکھ ڈالر رہی۔ جولائی تانومبر امریکا نے 7 کروڑ44 لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی،برطانیہ 7 کروڑ 66 لاکھ ، سوئٹزرلینڈ 7کروڑ73 لاکھ، فلپائن 7 کروڑ 36 لاکھ ، ہالینڈ 33 لاکھ ، لبنان54 لاکھ، کویت 45لاکھ، جنوبی کوریا 45 لاکھ، جاپان 1 کروڑ 15 لاکھ، اٹلی 5 کروڑ45 لاکھ، ہانگ کانگ 6 کروڑ38 لاکھ، فرانس 1کروڑ15 لاکھ، چین 66 لاکھ ، برونائی 18 لاکھ، آسٹریا1 کروڑ40 لاکھ، آسٹریلیا66 لاکھ، بنگلہ دیش8 لاکھ، ایران 7لاکھ اور بحرین سے 3لاکھ ڈالر کی براہ راست سرمایہ کاری کی گئی جبکہ متحدہ عرب امارات نے 4 کروڑ 26لاکھ ڈالر کا انخلا کیا، قطر نے 1 کروڑ17لاکھ ڈالر، سعودی عرب نے 52لاکھ ڈالر،ناروے نے 10 کروڑ 30لاکھ ڈالر نکال لیے، کینیڈا 59 لاکھ ڈالر، مصر 94لاکھ ڈالر، سنگاپور66لاکھ ڈالر اور سوئیڈن نے 1 کروڑ 27 لاکھ ڈالر نکال لیے، اس کے علاوہ ترکی، پرتگال، نیوزی لینڈ، ملائیشیا اور لیبیا نے بھی سرمایہ نکالا۔
Load Next Story