ٹینکر الٹنے سے ہزاروں لیٹر فرنس آئل بہہ گیا بدترین ٹریفک جام

سپر ہائی وے پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں، شاہراہ پر 17 گھنٹے تک ٹریفک معطل

سپر ہائی وے پر گاڑیوں کی میلوں لمبی قطاریں، شاہراہ پر 17 گھنٹے تک ٹریفک معطل۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سپر ہائی وے پر فرنس آئل سے بھرا ٹینکر موڑ کاٹنے کے دوران ٹریلر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گیا ، راستہ بند ہونے پر سپر ہائی وے پر گاڑیوں کی کئی کلو میٹر طویل قطاریں لگ گئیں اور17گھنٹے بعد ٹریفک بحال ہوسکی۔

لونی کوٹ کے قریب فرنس آئل لے کر مظفر گڑھ جانے والا ٹینکر کے ڈرائیور نے ہفتے کو علی الصبح 4 بجے اپنے روٹ پر ٹریفک جام دیکھتے ہوئے رانگ سائیڈ سے گاڑی نکالنے کی کوشش کی اس دوران آئل ٹینکر مخالف سمت سے آنے والے ٹریلر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گیا جس کے نتیجے میں آئل ٹینکر ڈرائیور علی گل اور کلینر جان محمد زخمی ہو گئے جبکہ آئل ٹینکر گرنے سے ہائی وے پر گاڑیوں کی آمدو رفت معطل ہوگئی، ٹینکر سے بہنے والا ہزاروں لیٹرفرنس آئل بھی بہہ کر 2 سے 3 کلو میٹر تک پھیل گیا جس سے وہاں پھسلن ہوگئی۔

حادثے کے بعد ایک ہی روڈ سے دونوں اطراف کی ٹریفک کی آمدورفت شروع ہوگئی اور گاڑیاں ایک دوسرے میں پھنسنے کی وجہ سے دوسرے روڈ پر بھی بدترین ٹریفک جام ہوگیا، پورا علاقہ آئل زدہ ہوگیا اور قریبی علاقوںکے رہائشی زمین پر پڑے آئل کو ڈبوں اور بالٹیوں میں بھر کر گھروں کو لے گئے۔




بھاری مشینری نہ ہونے کی وجہ سے موٹر وے پولیس اور مقامی پولیس بے بس دکھائی دی اور گاڑیوںکو اپنی اگلی منزل پر جانے کے لیے اپنی باری کا گھنٹوں انتظار کرنا پڑا جس کے نتیجے میں درجنوں گاڑیوں میں ایندھن بھی ختم ہوگیا اور انہیں دہری مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ سب سے زیادہ خراب صورتحال پنجاب والی گاڑیوں کو پیش آئی جوکہ وہاں گھنٹوں کھڑی رہیں۔

بعدازاں موٹر وے پولیس نے بھاری مشینری منگوائی اور مسافروں کی مدد سے الٹنے والے آئل ٹینکر کو سڑک سے ہٹایا جس کے بعد 17گھنٹے بعد ہفتہ کی رات 10 بجے سپر ہائی پر مکمل ٹریفک بحال ہوسکی۔ موٹر وے پولیس کے مطابق فرنس آئل کی وجہ سے کئی کلو میٹر روڈ پر پھلسن ہوگئی ہے۔
Load Next Story