سعودی عرب میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام 2 پاکستانیوں سمیت 8 گرفتار

داعش سے تعلق رکھنے والے ملزمان نے فٹبال اسٹیڈیم اورسیکیورٹی فورسز پر حملے کی منصوبہ بندی کررکھی تھی، سعودی وزارت داخلہ

ملزمان نے اعتراف جرم کر لیا، سعودی حکام کا دعویٰ، مبینہ دہشت گردوں سے تعلق کے شبہے میں مزید 6 افراد کو حراست میں لے لیاگیا فوٹو: فائل

سعودی عرب میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 2 پاکستانیوں سمیت 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فورسز نے فٹبال ورلڈ کپ کوالیفائرراؤنڈ کے لئے کھیلے جا رہے ایک میچ اور سیکیورٹی فورسز پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کرنے والے 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔


سعودی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا کہ داعش کے 2 سیل حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے اور ہر سیل میں 4 افراد شامل ہیں جنھیں گرفتار کرلیا گیا، دہشت گردوں کے ایک سیل نے11 اکتوبر کو جدہ کے الجواراہ اسٹیڈیم میں ہونے والے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے درمیان فٹبال میچ کے دوران بم دھماکاکرنے کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ گرفتار سیل میں 2پاکستانی،ایک سوڈانی اور ایک شامی شہری شامل ہے۔ وزارت داخلہ نے مذکورہ سیل کی گرفتاری کے حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

وزارت داخلہ کے بیان میں مزید کہا گیا کہ گرفتار کیے جانے والے دوسرے سیل کے دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی اورانھیں شام میں موجو دداعش کے رہنما کی جانب سے ہدایات دی جارہی تھیں۔ مذکورہ سیل کے تمام افرادکاتعلق سعودی عرب سے ہے اور انھیں ریاض کے شمال مغربی علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ گرفتار افراد نے اعتراف جرم کر لیا ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے بتایا کہ مزید 6 افراد کو گرفتار دہشت گردوں سے تعلق کے شبے میں حراست میں لیا گیا ہے اور ان سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔
Load Next Story