بلاول بھٹو نے حکومت کو سیاسی بحران سے نکلنے کیلئے 2 تجاویز پیش کردیں

نواز شریف امیرالمومنین بننا چاہتے تھے اور ان جیسے اسٹیٹس کو کے حکمرانوں نے پاکستان کو بدنام کیا،چیرمین پیپلزپارٹی

احتساب کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی لیکن ہم نے عدلیہ اور جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے، چیئرمین پی پی پی فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو موجودہ سیاسی بحران سے نکلنے کے لئے 2 تجاویز پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ احتساب کے بغیر حکومت نہیں چل سکتی۔

کراچی میں شیو مندر آمد کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو موجودہ سیاسی صورتحال سے نکلنے کے لئے 2 تجاویز پیش کیں جس میں ان کا کہنا تھا کہ حکومت پیپلزپارٹی کے 4 مطالبات تسلیم کر لے یا جی ٹی روڈ پر جو ہورہا ہے اسے ہونے دے اور میڈیا، کیمرے اور ٹی وی بند کردے ۔ ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت صرف پارلیمنٹ کے لئے نہیں یہ ہماری اقتصادی صورتحال کے لئے بھی ہے، ہم نے عدلیہ اور جمہوریت کو مضبوط کرنا ہے لیکن نواز شریف امیرالمومنین بننا چاہتے تھے اور ان جیسے اسٹیٹس کو کے حکمرانوں نے پاکستان کو بدنام کیا جب کہ نواز شریف پاناما شریف ہیں۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ پاکستان کو چلنے نہ دینا بھارتی منصوبہ ہے، نریندر مودی ہمارے فوجیوں اور شہریوں کو مار رہا ہے لیکن کوئی چوں بھی نہیں کرتا جب کہ امریکا میں الیکشن لڑنے والا بھی مودی کے الفاظ بولتا ہے۔ انہوں نے حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ اچھے طالبان سے مذاکرات کر رہے ہیں تو آپ کس کے وزیراعظم ہیں، ہم سڑکوں پر اور پارلیمنٹ میں بھی لڑیں گے مگر دہشت گردوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔


اس سے قبل بلاول بھٹو زرداری شیو مندر پہنچے تو پوجا پاٹ کے لئے آنے والے عام افراد کو مندر سے باہر نکال دیا گیا جس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مسلمانوں کےساتھ اقلیتوں کو بھی عبادت کی مکمل آزادی ہے، کوئٹہ واقعے پرہندو برادری نے دیوالی کا تہوار سادگی سے منانے کا اعلان کیا، ہم سب مل کر دہشت گردی کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں جس طرح مل کر کام کیا جارہا ہے دیگر حکومتیں اس طرح کام نہیں کررہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x4zzihh

 
Load Next Story