عمران خان ناکام دھرنوں سے نوازشریف کو فائدہ پہنچا رہے ہیں خورشید شاہ

حالیہ بحران بڑھ گیا تو نوازشریف سیاسی شہادت کو ترجیح دیں گے، قائد حزب اختلاف

میں نے کہا تھا کہا کہ نواز شریف کا سب سے بڑا سپوٹر عمران خان ہے، خورشید شاہ - فوٹو: فائل

اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا ہے کہعمران خان ناکام دھرنوں سے نوازشریف کو فائدہ پہنچا رہے ہیں جب کہ حالیہ بحران بڑھ گیا تو نواز شریف سیاسی شہادت کو ترجیح دیں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے چیرمین تحریک انصاف عمران خان کے دھرنا ختم کرنے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان ہماری سیاست میں پورس کا وہ ہاتھی ہے جو اپنی ہی فوجوں کو کچل کر دشمن کی فتح کی راہ ہموار کرتا ہے جب کہ میں نے کہا تھا کہا کہ نواز شریف کا سب سے بڑا سپوٹر عمران خان ہے اور عمران خان ناکام دھرنوں سے نواز شریف کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچا رہے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی بحران جلد ختم ہوتا نظر نہیں آتا، حالات ابھی بھی حکومت کے ہاتھ میں ہیں لیکن بحران بڑھ گیا تو نوازشریف سیاسی شہادت کو ترجیح دیں گے اور اگر جنگ جاری رہی تو نواز شریف نہیں بچیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار مرکر بھی استعفیٰ نہیں دے گا جب کہ ان ہاوٴس کسی تبدیلی کا امکان نہیں، حکومت کے سینئر وزیر نے سکیورٹی اجلاس کی خبر کی تصدیق کی تھی لہذا پرویز رشید کو قربانی کا بکرا بنانا اس حکومت کا سب سے بڑا مذاق ہے۔


خورشید شاہ نے کہا کہ یہ پاناما لیکس کا نہیں یہ کیس تو صادق اور امین کا ہے جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی ٹی او آر پر نہیں آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں 4 نومبر کو بل پیش کررہے ہیں لہذا حکومت کو چاہیے کہ مخالفت نہ کرے، ہمارا بل پاناما سمیت کرپشن کے تمام مقدمات کی تحقیقات کرے گا۔

خورشید شاہ نے پی ٹی آئی کارکنان پر تشدد اور عارف علوی کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ راستے بند کرنے سے دشمنوں کو فائدہ ہوگا، پی ٹی آئی کے کارکن پرامن ہیں تو کارروائی زیادتی ہے اور کارکنوں کے خلاف کارروائی کے بعد تحریک کو نہیں روکا جاسکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کی حکومت محفوظ ہے، خیبر پختونخوا اور پنجاب لڑ رہے ہیں جب کہ ڈی جی رینجرز کبھی بھی وزیراعلیٰ سندھ کی سرزنش نہیں کرسکتا۔

Load Next Story