کیماڑی الیکٹرانک مارکیٹ میں ڈکیتی دکانداروں کا احتجاج

6 گھنٹے تک ٹریفک معطل،ملزمان5لیپ ٹاپ،7 ایل سی ڈیز اور دیگر سامان لے گئے

واقعے کیخلاف دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کرا دیا. فوٹو: فائل

کیماڑی الیکٹرانک مارکیٹ میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مسلح ملزمان 5 لیب ٹاپ ، 7 ایل سی ڈیز، نقد رقم لوٹ اور دیگر سامان لے کر فرار ہو گئے۔

واقعے کیخلاف دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر کے ٹریفک معطل کرا دیا ، احتجاج کے باعث6 گھنٹے ٹریفک معطل رہا ، احتجاج کے باعث ٹینکر کے ذریعے آئل کی سپلائی بھی معطل رہی، تفصیلات کے کیماڑی میں واقع جیکسن الیکٹرانک مارکیٹ میں9 مسلح ملزمان داخل ہوئے اور حسین الیکٹرانک اور عائشہ الیکٹرانک کی دکانوںمیں موجود افراد کو یرغمال بنانے کے بعد دونوں دکانوں سے 5 لیب ٹاپ ، 6 چھوٹی ایل سی ڈیز اور ایک 32انچ کی ایل سی ڈی، 3موبائل فون اور نقد رقم لوٹ کر فرار ہو گئے۔


جس کیخلاف جیکسن الیکٹرانک مارکیٹ کے دکانداروں نے دکانیں بند کر کے غائب شاہ مزار کے سامنے سڑک پر احتجاج شروع کردیا، دکانداروں نے تقریباً 6گھنٹے تک شدید احتجاج جاری رکھا اس دوران کیماڑی اور اس سے متصل علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا، الیکٹرانک مارکیٹ کے دکانداروں کے احتجاج کے باعث شہر اور اندون ملک پیرول ، آئل اور خوردنی تیل کی سپلائی معطل ہو گئی ، اتوار کو چھٹی کے باعث ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی اپنی ڈیوٹیوں پر موجود نہیں تھے جس کی وجہ سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی اور کئی گھنٹوں تک شہری ٹریفک جام میں پھنسے رہے جبکہ جیکسن پولیس دو پہر تک ڈکیتی کی واردات اور ٹریفک جام سے لاعلم رہی، واقعے کے کئی گھنٹے گزرنے کے بعد پولیس موقع پر پہنچی تودکانداروں نے ان سے بات کرنے سے انکار کردیا.

اس دوران آئل ٹینکر ایسویسی ایشن کے نمائندے اور ایس ایچ او رحیم خان نے خود دکانداروں سے مذاکرات کیے اور واقعے کی ایف آئی آر درج کرنے کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی بڑھانے کی یقین دہائی کرائی جس کے بعد دکانداروں نے اپنا احتجا ج ختم کرکے منتشر ہو گئے، جیکسن مارکیٹ کے دکانداروں نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ 5روز سے مسلسل ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں لیکن پولیس تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہے،آئل ٹینکر ایسوسی ایشن کے رہنما یوسف شہوانی نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے تقریبا 6سے 8گھنٹے تک شہر اور اندرون ملک پیٹرول ، ڈیزل ، فرنس آئل اور خوردنی تیل کی سپلائی معطل رہی جس سے بھاری مالیت کا نقصان اٹھانا پڑا۔
Load Next Story