ماضی کے ہیوی ویٹس میں اب ’مڈل ویٹ‘ باؤٹ

آسٹریلیا اور پروٹیز پھرسے ٹاپ ٹیم بننے کیلیے بے چین،سڈل بھی پرتھ ٹیسٹ کھیلیں گے

اگر اسپنر کا انتخاب کیا گیا تو پھر لیفٹ آرمر کیشیو مہاراج کو موقع مل سکتا ہے۔ فوٹو:فائل

آسٹریلیا اورجنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا آغاز جمعرات سے پرتھ میں ہو رہا ہے، ماضی کے ہیوی ویٹس کے درمیان اس بار 'مڈل ویٹ' باؤٹ ہوگی، دونوں ہی پھر سے ٹاپ سائیڈ بننے کے لیے بے چین ہیں، کینگروز نے پروٹیز کو لفظی گولہ باری سے چھلنی کرنے کا بھی منصوبہ تیار کرلیا، دوسری جانب مہمان ٹیم بھی میزبان کے تمام حربے ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق گذشتہ کچھ برسوں کے دوران جب بھی آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں تب ان مقابلوں کو'ہیوی ویٹ ٹائٹل فائٹس' قرار دیا گیا، دونوں میں سے کسی ایک کے پاس آئی سی سی ٹاپ ٹیسٹ رینک ٹیم کا اعزاز ہوتااور دوسری سائیڈ اسے چھیننے کو بے چین ہوا کرتی تھی، مگر یہ 2003 میں آئی سی سی کے نئے رینکنگ سسٹم کے اجرا کے بعد دوسرا موقع ہے جب دونوں ٹیموں کے پاس نمبر ون پوزیشن نہیں ہے، اس سے قبل 2011 میں جنوبی افریقہ میں ٹیسٹ معرکے ہوئے ہوئے تب گریم اسمتھ الیون دوسرے اور مائیکل کلارک سائیڈ چوتھے نمبر پر تھے۔


اس بار دونوں کے درمیان مقابلے دراصل ' مڈل ویٹ باؤٹ' ہیں کیونکہ آسٹریلیا اس وقت رینکنگ میں تیسرے اور جنوبی افریقہ پانچویں نمبر پرپہنچ چکا ہے۔دونوں ہی ایک دوسرے کو زیر کرکے سنہری دنوں کی جانب واپس لوٹنے کو بے چین ہیں۔آسٹریلیا نے اپنی پلیئنگ الیون پہلے ہی ظاہر کردی، پیٹرسڈل کو تیسرے پیس آپشن کے طور پر ترجیح دی گئی، نئے کرکٹر جوئے مینی کو 12 واں کھلاڑی قرار دیا گیا ہے۔

دوسری جانب جنوبی افریقہ حتمی الیون کے حوالے سے سوچ میں گم ہے، وہ غور کررہا ہے کہ ڈیل اسٹین، ورنون فلینڈر اور کاگیسو ربادا کے ساتھ چوتھے فاسٹ بولر کے طورپر مورن مورکل کو میدان میں اتارے یا نہیں، اگر اسپنر کا انتخاب کیا گیا تو پھر لیفٹ آرمر کیشیو مہاراج کو موقع مل سکتا ہے۔

 
Load Next Story