کراچی میں دو ٹرینوں میں تصادم سے 21 افراد جاں بحق 50 سے زائد زخمی

فرید ایکسپریس کو ملتان سے آنے والی زکریا ایکسپریس نے پیچھے سے ٹکر ماری

غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، ڈی سی او ریلوے۔ فوٹو: اے ایف پی

فیصل آباد:
جمعہ گوٹھ کے قریب دو ٹرینوں میں تصادم کے نتیجے میں کم از کم 21 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔



ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے جمعہ گوٹھ میں 2 ٹرینیں آپس میں ٹکرانے سے کم از کم 21 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فرید ایکسپریس جمعہ گوٹھ کے ریلوے اسٹیشن پر کھڑی تھی کہ ملتان سے آنے والی زکریا ایکسپریس نے پیچھے سے ٹکر ماری۔ حادثے کے فوری بعد اطلاع ملنے پر ریسکیو اہلکاروں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں اور لاشوں کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والے افراد میں فرید ایکسپریس کا گارڈ محمد حسین بھی شامل ہے جب کہ ڈرائیور محمد رفیق کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھی: حادثے کے ذمہ داروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، وزیر ریلوے



جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ کی سربراہ ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا ہے کہ اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر کے زخمیوں کو طبی امداد دی جا رہی ہے جب کہ ذرائع جناح اسپتال کا کہنا ہے کہ 30 کے قریب زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔ ڈی سی او کراچی ریلوے ناصر عزیز کا کہنا ہے کہ فرید ایکسپریس سگنل پر کھڑی تھی کہ پیچھے سے آنے والی زکریا ایکسپریس نے اسے ٹکر ماری تاہم حادثے کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی جائے گی اورغفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: حادثے سے قبل آنکھوں کے آگے اندھیرا چھا گیا تھا، ڈرائیور



دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری اور پیپلز پارٹی کی رہنما شہلا رضا نے حادثے پر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین کے ورثا سے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعطم نواز شریف نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی ہر طرح سے تحقیقات کی جائے اور غفلت کے مرتکب افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے۔



پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے بھی ٹرین حادثے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔ دوسری جانب وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹرین حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں دل رنج و الم میں ڈوب گیا ہے، ٹریفک حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے لئے 10 لاکھ روپے فی کس جب کہ زخمیوں کے لئے ساڑھے 5 لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔

https://www.dailymotion.com/video/x50gln4
Load Next Story