کوٹری مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر کے گھر پر فائرنگ اہلیہ قتل

5فٹ دور سے گولی لگی،ڈاکٹر،نثار چانڈیو گھر میں موجود نہیں تھے،آئی جی نے قتل کا نوٹس لے لیا، تحقیقات شروع

تعلقہ اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کے مطابق خاتون کو رات کے پچھلے پہر 5 فٹ دور سے گولی ماری گئی جو سر میں لگی. فوٹو: فائل

کوٹری ٹیلی گراف کالونی میں مسلم لیگ ن کے ضلعی صدر کے گھر پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے انکی اہلیہ جاں بحق ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن جامشورو کے صدر ایڈوکیٹ نثار احمد چانڈیو کے گھر میں نامعلوم مسلح افراد نے گھس کر فائرنگ کر کے گھر میں موجود 38 سالہ خاتون بلقیس کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، اس وقت گھر میں دو بچوں کے علاوہ کوئی موجود نہیں تھا، صبح بچوں نے اپنے چاچا منظور چانڈیو کو اطلاع دی، جنہوں نے پولیس کو اطلاع کی، پولیس نے لاش کو اپنی تحویل میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لیے تعلقہ اسپتال کوٹری پہنچایا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی گئی۔




تعلقہ اسپتال کی لیڈی ڈاکٹر کے مطابق خاتون کو رات کے پچھلے پہر 5 فٹ دور سے گولی ماری گئی جو سر میں لگی جس سے کچھ ہی دیر میں موت واقع ہو گئی، مقتولہ کے شوہر نثار چانڈیو ضروری کام سے مورو گئے تھے، قتل کی اطلاع ملتے ہی وہ گھر پہنچ گئے، نثار چانڈیوکے بھائی منظور چانڈیو، علی چانڈیو نے اسے سیاسی قتل قرار دیا ہے، انھوں نے چیف جسٹس اور مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا، خاتون کی ہلاکت پر آئی جی سندھ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی جامشورو فرخ بشیر سے رپورٹ طلب کرلی۔

ایس ایس پی نے جائے وقوعہ پہنچ کر اہل خانہ سمیت علاقہ مکینوں سے معلومات حاصل کی، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ایس ایس پی جامشورو فرخ بشیر نے کہا کہ کہ یہ کوئی سیاسی قتل نہیں ہے، معاملے کی انکوائری کی جارہی ہیں جلد حقائق سامنے آجائیں گے،انھوں نے مزید کہا کہ خاتون کا قتل دشمنی یا خاندانی معاملہ بھی ہو سکتا ہے،مقتولہ کی تدفین ٹیلی گراف کالونی کے مقامی قبرستان میں کردی گئی، جس میں مسلم لیگ ن کے صوبائی رہنماسلیم ضیا سمیت دیگر نے شرکت کی۔
Load Next Story