دوران احتجاج کارکنان پر تشدد کے ذمہ داران شریف براد ہیں عمران خان
چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ دھرنے کے دوران یوتھ فورم کے نوجوانوں پر تشدد کیا گیا جس کے ذمہ دار شریف برادران اور وزیرداخلہ ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں عمران خان نے بتایا کہ ان سے 2 نومبر کے دھرنے کے دوران پولیس کی جانب سے حراست میں لیے گئے پی ٹی آئی یوتھ فورم کے نوجوانوں نے ملاقات کی۔
چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ان نوجوانوں کو بغیر کسی وجہ کے اڈیالہ جیل میں سزائے موت والی حوالات میں رکھا گیا اور 5 دن تک ان پر بدترین تشدد کیا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوانوں سے موبائل فون اور پیسے بھی چھین لیے گئے جو انہیں واپس نہیں کیے گئے اور انہیں ہمارے جلسہ ختم ہونے کے بعد رہا کیا گیا، یہ ہے مسلم لیگ (ن) کی جمہوریت۔
چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ کارکنان پر بدترین تشدد کے ذمہ دار وزیراعظم نوازشریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیرداخلہ چوہدری نثار سمیت صوبائی و وفاقی حکومت کو قرار دیتا ہوں۔
واضح رہے تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے معاملے پر 2 نومبر کو اسلام آباد میں دھرنے کی کال دی تھی اس دوران پولیس اور ایف سی کی جانب سے پی ٹی آئی کے درجنوں کارکنان کو حراست میں لیا گیا تاہم سپریم کورٹ کے حکم کے بعد انہوں نے دھرنا ختم کرکے یوم تشکر منانے کا اعلان کیا تھا۔