تخریب کاری میں ملوث 3 بھارتی سفارتکارملک سے بے دخل کردیے گئے

دیگر 5 بھارتی سفارتکاروں کو کل واہگہ کے راستے واپس بھیجا جائے گا

پاکستان کی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے آٹھوں سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دیا گیا تھا۔۔ فوٹو: فائل

سفارتکاری کی آڑ میں تخریب کاری کرنے والے 3 بھارتی سفارتکاروں کو ملک سے بے دخل کردیا گیا جب کہ دیگر 5 واہگہ کے راستے کل واپس بھیجے جائیں گے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سفارتی اسٹاف کے روپ میں پاکستان میں تخریب کاری کرنے والے 8 بھارتی سفارت کاروں میں سے 3 کو ملک سے بے دخل کردیا گیا ہے جب کہ دیگر 5 واہگہ کے راستے کل واپس بھیجے جائیں گے، ذرائع کے مطابق بھارتی اہلکاروں کو صبح 9 بجے اسلام آباد سے پرواز ای کے 613 کے ذریعہ براستہ دبئی واپس روانہ کیا گیا۔ پاکستان نے سفارتی آداب کی خلاف ورزی اور ملک کی سالمیت کے خلاف کام کرنے والے آٹھوں سفارت کاروں کو ناپسندیدہ قرار دیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث بھارتی سفارتکاروں کا نیٹ ورک پکڑا گیا


پاکستان کی جانب سے جن بھارتی سفارت کاروں کو پاپسندیدہ قرار دیا گیا ان میں راجیش کمار اگنی ہوتری، بلبیر سنگھ،انوراگ سنگھ،امر دیپ سنگھ بھٹی،دھرمیندرا،وجے کمار ورما،مادھون نندا کمار،جیا بالن شامل ہیں جو پاکستان میں تخریبی کارروائیوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ چند ماہ قبل بلوچستان سے ''را'' کا افسر کل بھوشن یادیو پکڑا گیا تھا جسے مسلمان کی حیثیت سے بھارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا تھا اور اس کے پاسپورٹ پر ایران کا ویزا تھا جب کہ گزشتہ ہفتے سیکیورٹی ایجنسیز نے سفارت کاروں کے لبادے میں بھارتی سفارت کاروں کا ایک نیٹ ورک پکڑ لیا تھا جو کہ تخریب کاری میں ملوث پایا گیا۔

Load Next Story