اقلیتوں کی نشستوں میں اضافے کا مسودہ قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا
حکومت نےقومی اورصوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستوں میں اضافے کے لئے آئین میں تئیس ویں ترمیم کا مسودہ قومی اسمبلی میں پیش کردیا جبکہ سینیٹ نےبزرگ شہریوں کیلیے شیلٹر ہاؤسزکے قیام کی قراردادمنظور کرلی۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں آئین میں تئیس ویں ترمیم کا مسودہ وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے پیش کیا، مسودے میں قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی نشستیں 10 سے بڑھا کر14 کرنے کی تجویزدی گئی ہے جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں میں بھی اقلیتوں کی نشستیں وہاں کی اقلیتی آبادی کے تناسب سے بڑھائی جائیں گی۔
اسمبلی کے اجلاس میں وزیرخزانہ ڈاکٹرعبدالحفیظ شیخ نے ٹیکس قوانین میں ترمیم کابل بھی پیش کردیا۔ دوسری طرف سینیٹ نے بزرگ شہریوں کے لئے شیلٹر ہاؤسزکےقیام سے متعلق کریم خواجہ کی قرارداد متفقہ طورپرمنظور کرلی۔ اس موقع پررضا ربانی کا کہنا تھا کہ بزرگ شہریوں کو سہولیات دینے سے متعلق قانون موجود ہے۔