نوازشریف اورحکمران ٹولہ ایک ہی کشتی کے سوار ہیں عمران خان

نوجوان نیا پاکستان بنانے کیلئے تیار ہوجائیں کیونکہ اب جیت جنون اور نظریے کی ہوگی، عمران خان

عمران خان نے کہا کہ ان کا جینا مرنا پاکستانی عوام کے ساتھ ہے اور وہ ملک چھوڑ کر نہیں بھاگیں گے۔ فوٹو: این این آئی/ فائل

KARACHI:
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نوازشریف اورحکمران ٹولہ ایک ہی کشتی کے سوار ہیں ، یہ چوروں کے ٹولے ہیں اور ایک دوسرے کو سہارا دے رہے ہیں۔

عمران خان نے ضلع پاکپتن کے مختلف مقامات بورے والا چوک ، عارفوالا اور پرانا ٹاؤن ہال پاکپتن میں عوام سے خطاب کیا، عمران کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان میں استحکام لانے کیلئے میدان میں آئی ہے تاکہ ان چوروں ، لٹیروں اور کرپٹ سیاستدانوں کو اس ملک سے بھگا کر اس ملک میں انصاف کی حکمرانی قائم کی جاسکے۔


عمران خان نے کہا کہ ان کا جینا مرنا پاکستانی عوام کے ساتھ ہے اور وہ ملک چھوڑ کر نہیں بھاگیں گے ، انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں لوگ اپنے ووٹوں کی رجسٹریشن کروائیں، تحریک انصاف اقتدار میں آنے کے بعد کسانوں کو بجلی ، کھاد ، بیج سستے داموں فراہم کرے گی کسان خوشحال ہونے سے ملک خوشحال ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف الیکشن میں کسی پارٹی سے اتحاد نہیں کرے گی، عمران خان نے شاہ محمود قریشی ، جاوید ہاشمی ، جہانگیر ترین کے ہمراہ دربار بابا فریدالدین پر بھی حاضری دی اور ملکی سلامتی کے لئے دعائیں مانگیں، بعد ازاں مقامی میرج ہال میں یوتھ کنونشن میں نوجوانوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ نوجوان نیا پاکستان بنانے کیلئے تیار ہوجائیں کیونکہ اب جیت جنون اور نظریے کی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ دو تہائی اکثریت والوں کو اب عام انتخابات میں شکست ہوگی، پرانے چہروں کو واپس نہیں آنے دیں گے۔
Load Next Story