گیم چینجرپاک چین اقتصادی راہداری کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا شہبازشریف

سی پیک کے عظیم منصوبے سے ہمارے دوست بے پناہ خوش لیکن دشمن کو ترقی و خوشحالی پر بہت تکلیف ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

پاکستان اور چین کی دوستی شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے، شہباز شریف۔ فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا ہے اور اس سے پاکستان سمیت پورے خطے کی قسمت بدل جائے گی۔

گوادر بندرگاہ سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ آج کا دن پاک چین دوستی کے حوالے سے ایک عظیم دن ہے، پہلے تجارتی جہاز کی روانگی سے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی دوستی کے عظیم سفرکا ایک نیا سنگ میل عبور کیاگیا اور آج گیم چینجرپاک چین اقتصادی راہداری کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوگیا ہے جس کے باعث ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے جس کا خواب 20 کروڑ پاکستانی عوام نے دیکھا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی پیک کے عظیم اورتاریخی منصوبے سے ہمارے دوست بے پناہ خوش ہیں لیکن دشمن کو ترقی و خوشحالی کے اس عظیم پیکیج پر بہت تکلیف ہے تاہم پاکستانی قوم اتحاد اوراتفاق کی قوت سے سی پیک کے خلاف دشمن کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی، یہ عظیم منصوبہ نہ صرف چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے سفر کی عظیم شروعات ہے بلکہ ترقی اور خوشحالی کے طویل سفر کا نقطہ آغاز بھی ہے، سی پیک پرانتہائی تیزی سے عملدرآمد سے ملک میں خوشحالی اور ترقی کے نئے دورکی بنیاد رکھی جاچکی ہے جس سے پاکستان سمیت پورے خطے کی قسمت بدل جائے گی اور یہ منصوبہ پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنانے میں کلیدی کردار اداکرے گا۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے چین کے صدرشی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ اور چینی عوام کو بھی تاریخی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ گوادر بندرگاہ سے تجارتی بحری جہازوں کی روانگی پاک چین دوستی کی ایک اور زندہ و تابندہ مثال ہے، پاکستانی قوم اس ضمن میں چین کے تعاون کی شکرگزار ہے،پاکستان کے 20 کروڑ عوام چین کے صدر کی جانب سے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے عظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور چین کا یہ تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج پاک چین معاشی تعاون کو مزید فروغ دے گا جب کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے منصوبوں سے صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک بھی فائدہ حاصل کرسکیں گے جس سے خطے میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کبھی نہ ختم ہونے والے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان اور چین کی دوستی شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے جب کہ آج گوادربندرگاہ سے تجارتی قافلوں کی روانگی نے اس بات پر ایک بار پھرمہرتصدیق ثبت کردی، چین نے پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لئے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج دیا ہے جس پر پوری قوم چینی قیادت اورعوام کی ممنون ہے اور ہماری آئندہ نسلیں بھی چین کی اس فراخ دلی، مشکل وقت میں ہاتھ تھامنے سمیت اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان کا ایک ایسا مخلص اور بااعتماد دوست ہے جومصیبت کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، جنگ ہو یا امن، سیلاب ہو یا زلزلہ یا کوئی اور قدرتی آفت ،چین نے ہمیشہ پاکستان کا سچے اورمخلص دوست کی طرح ساتھ نبھایا ہے، چین دل سے پاکستان اور پاکستان کے عوام کی ترقی چاہتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ چین نے پاکستان کے لئے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کا پیکیج دیا ہے اور 46ارب ڈالر کی سرمایہ کاری سے منصوبوں پر عملدر آمد سے تاریخ کا دھارا موڑ دیا ہے۔
Load Next Story