کنیریا کی مسلسل فریاد سے بورڈ کا دل پسیج گیا

پابندی کے شکار سابق اسپنر کو معقول ذریعہ معاش فراہم کرنے کی حامی بھرلی

دانش کنیریا جون 2012 میں انگلش کائونٹی چیمپئن شپ میں ایسیکس سے کھیلتے ہوئے کرپشن کے جرم میں پابندی کا شکارہوئے تھے۔ فوٹو: فائل

PESHAWAR:
دانش کنیریا کی مسلسل فریاد سے بورڈ کا دل پسیج گیا،حکام نے نرم گوشہ اختیار کرتے ہوئے تاحیات پابندی کے شکار سابق ٹیسٹ اسپنر کو معقول ذریعہ معاش فراہم کرنے کی حامی بھرلی۔

غیرملکی نیوز ایجنسی کے مطابق حکام نے سابق اسپنر کرکرکٹ کھیلنے والے کسی ادارے میں مستقل بنیادوں پرروزگار دلانے کا وعدہ کیا ہے، یہ پیشکش پاکستان مسلم لیگ سے تعلق رکھنے والے اقلیتی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمارکی جانب سے قائمہ کمیٹی اجلاس میں دانش کنیریا کی بے روزگاری کا معاملہ اٹھائے جانے پرکی گئی۔


ڈاکٹر رمیش کا کہنا تھا کہ تاحیات پابندی کے بعد پی سی بی دانش کنیریا کی سپورٹ کے لیے کچھ نہیں کر رہا، جس پر کرکٹ حکام نے موقف اپنایا کہ 4 برس قبل لگنے والی پابندی انگلش اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے لگائی گئی، آئی سی سی کا رکن ہونے کے ناطے ہم فیصلے پر عمل درآمد کے پابند ہیں۔

دانش کنیریا جون 2012 میں انگلش کائونٹی چیمپئن شپ میں ایسیکس سے کھیلتے ہوئے کرپشن کے جرم میں پابندی کا شکارہوئے تھے،ای سی بی ان سے سماعت پر اٹھنے والے اخراجات کی وصولی بھی چاہتا ہے، اس حوالے سے کنیریا کو لندن اور کراچی کی عدالتوں میں مقدمات کا بھی سامنا ہے، وہ اس خطیر رقم کو ادا کرنے سے قطعی طور پر معذور نظر آتے ہیں۔

 
Load Next Story