بطور کپتان مصباح کے 50 ٹیسٹ ڈریسنگ روم میں کیک کاٹا گیا

مصباح الحق یہ اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے 16ویں کپتان ہیں۔

نیوزی لینڈ میں 2 ٹیسٹ کی سیریز کے بعد مصباح الحق کو آسٹریلیا کیخلاف 3 میچز میں بھی قیادت کرنا ہے۔ فوٹو: فائل

HANGU:
مصباح الحق نے بطور کپتان ٹیسٹ میچز کی ففٹی مکمل کرلی، اس موقع پر پاکستانی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں کیک کاٹا گیا، کھلاڑیوں نے اپنے قائد کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مزید کامیابیوں کیلیے دعا کی۔

واضح رہے کہ مصباح الحق یہ اعزاز پانے والے پہلے پاکستانی اور دنیا کے 16ویں کپتان ہیں، اس سے قبل عمران خان 48، جاوید میانداد 34، انضمام الحق 31 اور وسیم اکرم 25 میچز میں گرین کیپس کی قیادت کرچکے ہیں، مصباح ٹیسٹ میچز کی نصف سنچری مکمل کرنے والے تیسرے ایشیائی کپتان بنے، بھارتی مہندرا سنگھ دھونی 60 اور سری لنکن ارجنا رانا ٹنگا 56 ٹیسٹ میں یہ اعزاز پا چکے ہیں۔


مصباح الحق کے 6 سالہ دور میں پاکستان نے 49 میں سے 24 ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کی اور 14 میں شکست ہوئی، سینئر بیٹسمین ٹیم کو 10 سیریز میں کامیابی دلا کر ایشیا کے سب سے کامیاب کپتان بھی بن چکے ہیں، ان سے قبل 6 سال میں پاکستان نے 6 کپتان تبدیل کیے اور 50 میں سے صرف 13 میچز میں فتح نصیب ہو سکتی تھی۔

نیوزی لینڈ میں 2 ٹیسٹ کی سیریز کے بعد مصباح الحق کو آسٹریلیا کیخلاف 3 میچز میں بھی قیادت کرنا ہے جس کے بعد وہ اپنے مستقبل کے بارے میں فیصلہ کریں گے۔

 
Load Next Story