سیلفی کے شوق میں جان گنوانے والوں میں پاکستان کا دوسرا نمبر

پاکستان میں سیلفی لینے کے شوق میں اب تک 9 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، رپورٹ

فہرست میں امریکا کا تیسرا نمبر ہے جہاں 8 افراد جب کہ روس میں صرف 6 افراد ہلاک ہوئے، رپورٹ۔ فوٹو: رائٹرز

سیلفی کے جنون نے اب تک دنیا بھر میں سیکڑوں افراد کی جانیں لے لی ہیں اور اس شوق کے ہاتھوں زندگی کی بازی ہارنے والے افراد کی فہرست میں پاکستان کا دوسرانمبر ہے۔

''سیلفی'' کے جنون نے ہر شخص کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے اور اکثر لوگ خطرناک مقامات پر سیلفی لینے کی کوششوں میں اپنی جان تک گنوا بیٹھے ہیں، بچوں سے لے کر بڑے اور یہاں تک کہ بوڑھوں تک سب ہی اس ''سیلفی'' کے مرض میں مبتلا ہیں اور اس کے سحر میں بری طرح جکڑے ہوئے ہیں لیکن اس جنون نے اب تک کئی افراد کی جان لے لی ہے اور سیلفی کے باعث مارے جانے والے افراد کی فہرست میں پاکستان کا نمبر دوسرا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : ترکی میں جہاز کے سامنے سیلفی لینے کے شوق میں 2 نوجوان موت کے گھاٹ اترگئے


امریکی یونی ورسٹی اور بھارتی انسٹیٹیوٹ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سلیفی لینے کی کوشش میں سب سے زیادہ ہلاک افراد کی فہرست میں بھارت کا پہلا نمبر ہے جہاں اب تک 76 افراد اس شوق میں اپنی جان گنوا بیٹھے ہیں جب کہ پاکستان کا دوسرا نمبر ہے جہاں 9 افراد سیلفی کے شوق کے باعث جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

رپورٹ میں امریکا کا تیسرا نمبر ہے جہاں 8 افراد ہلاک ہوئے جب کہ روس میں صرف 6 افراد لقمہ اجل بنے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سماجی میڈیا پر زیادہ سے زیادہ لائکس اور کمنٹس کی وجہ سے لوگ خطرناک مقامات پر سیلفی لیتے ہیں اور اسی میں ان کی جان چلی جاتی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : رواں برس سیلفی لینے کی کوشش میں 12 افراد جان سے ہی ہاتھ دھو بیٹھے، رپورٹ

واضح رہے کہ گزشتہ سال جاری رپورٹ کے مطابق صرف سیلفی کے شوق میں تقریباً 12 سے زائد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے جب کہ اس سال ان افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
Load Next Story