ڈرامے کے ذریعے زبان کا نقصان کررہے ہیں منور سعید

ایک زبان صدیوں میںجنم لیتی ہے اسکو سالوں میں تباہ کردینا اچھا عمل نہیں ہے ۔

اردو کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان میں کوئی اکیڈمی قائم ہونی چاہیے، منور سعید۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
سینئر اداکار منور سعید نے کہا ہے کہ فنکار اپنے مفادات کی جنگ لڑ رہے ہیں جب کے وہ یہ بھول گئے ہیں کہ آج کے ڈرامے سے ہمیں جہاں ایک طرف مالی فائدے ہوئے ہیں تو دوسری جانب ہمیں بہت سے نقصانات کا بھی سامنا کرنا پڑرہا ہے۔


ہم اپنے ڈرامے کے ذریعے اپنی زبان کا نقصان کررہے ہیں ایک زبان صدیوں میںجنم لیتی ہے اسکو سالوں میں تباہ کردینا اچھا عمل نہیں ہے آج نوجوان اردو کا غلط استعمال کررہے ہیں دنیا میں ہماری شناخت ہماری زبان ہے کم ازکم اپنی شناخت کوبرقرار رکھنے کے لیے اس کے معیار کا تو خیال رکھنا چاہیے ان خیالات کا اظہار انھوں نے نمایندہ ایکسپریس سے گفتگو کے دوران کیا ان کا کہنا تھا کہ مجھے جب کوئی نوجوان یا سینئر فنکار اردو کا استعمال غلط کرتا دکھائی دیتا ہے تو میں اس کی اصلاح اپنا فرض سمجھ کر کرتا ہوں۔

اسی طرح ہمارے تمام سینئر فنکاروں کو چاہیے کہ اپنے جونیئر فنکاروں کو سمجھائیں ان کی رہنمائی کریں انھوں نے بتایا کہ ماضی میں اس مسئلے پرکچھ فنکار مل کر سرکاری سطح پر بات کرنے گئے تھے اور یہ مطالبہ بھی کیا تھا کہ اردو کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پاکستان میں کوئی اکیڈمی قائم ہونی چاہیے تو اس پر توجہ دینے کے بجائے متعلقہ سرکاری ملازم نے ہمیں کہا کہ اب معیار درست نہیں ہو سکتا اور آپ بھی اس مسئلے میں الجھ کر اپنا وقت ضایع نہ کریں میں سمجھتا ہوں اردو کا بیڑہ غرق کرنے میں سب کا ملا جلا ہاتھ ہے مگر فنکار یہ یاد رکھیں کہ ٹی وی پر عام عوام آپ کو اپنا آئیڈیل سمجھتے ہیں سو آپ جو کر رہے ہیں اس کے مستقبل میں نقصانات بھی آپ نے اٹھانے ہیں۔
Load Next Story