بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کیلیے کھلاڑیوں کی آج نیلامی

51 پاکستانی کرکٹرز کی ایونٹ میں شرکت بدستورغیر یقینی صورتحال سے دوچار

نیلامی میں ویسٹ انڈیز اورانگلینڈ کے 25، 25 کھلاڑی شریک ہوں گے۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کیلیے کھلاڑیوں کی نیلامی جمعرات کو ہوگی۔

51 پاکستانی پلیئرز کی شرکت بدستور غیریقینی صورتحال سے دوچارہے، غیرملکی کھلاڑیوں کے مقابلے میں انتہائی کم بنیادی قیمت مقرر کیے جانے پر مقامی سپر اسٹار خوش نہیں ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بی پی ایل کے دوسرے ایڈیشن کیلیے کھلاڑیوں کی نیلامی میں سب سے زیادہ 51 پاکستانی پلیئرز کے نام شامل ہیں، مگر ان کی دستیابی کے حوالے سے صورتحال بدستور غیریقینی سے دوچار اور جب تک بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ دورئہ پاکستان کا باضابطہ اعلان نہیں کرتا پی سی بی اپنے پلیئرز کو این او سی جاری کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔ نیلامی میں ویسٹ انڈیز اورانگلینڈ کے 25، 25 کھلاڑی شریک ہوں گے۔




مقامی اور غیرملکی کھلاڑیوں کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا مگر دونوں کی بنیادی قیمت میں بڑا فرق ہے جس سے مقامی سپر اسٹارز ناخوش ہیں۔ گولڈن کیٹیگری میں شامل شاہد آفریدی، سعید اجمل اور عمران نذیر سمیت 16 غیرملکی کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت 75، 75 ہزار ڈالر مقرر کی گئی، شکیب، محمود اللہ ، تمیم اقبال اور مشفیق الرحیم کی بولی 40، 40 ہزار سے شروع ہوگی۔

اسی طرح اے کیٹیگری میں شامل پاکستان کے عمر گل، عبدالرزاق، وہاب ریاض، محمد سمیع، کامران اکمل اور عمر اکمل سمیت دیگر غیرملکی کھلاڑیوں کی بنیادی قیمت 50 جبکہ مقامی کھلاڑیوںکی 30 ہزار مقرر کی گئی۔ غیرملکیوں پلیئرز کی بی اور سی کیٹیگری میں بنیادی قیمت بالترتیب 30 اور 15 ہزار ڈالر جبکہ مقامی کھلاڑیوں کی 20 اور 10 ہزار ڈالر ہے۔
Load Next Story