حکومت سے مذاکرات کی ناکامی کے بعد مختلف شہروں میں کیبل سروس بند
حکومت اور کیبل آپریٹرز کے درمیان ڈی ٹی ایچ لائسنس کی نیلامی کے تنازع پر مذاکرات کی ناکامی کے بعد آپریٹرز نے احتجاجاً ملک کے مختلف شہروں میں کیبل سروس بند کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار سے کیبل آپریٹرز، براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن اور پیمرا کے نمائندوں نے ملاقات کی جب کہ اس موقع پر ڈی ٹی ایچ لائسنس کی نیلامی کا تنازع حل کرنے پر بات چیت کی گئی۔ مذاکرات کے دوران کسی حتمی نتیجے پر نہ پہنچنے پر کیبل آپریٹرز نے ملک کے مختلف شہروں میں نشریات بند کردی۔ کیبل آپریٹرز کا کہنا ہے کہ پیمرا ان کا معاشی قتل کرنا چاہتا ہے، ڈی ٹی ایچ کی نیلامی منسوخ ہونے تک احتجاجاَ نشریات بند رکھی جائے گی۔
دوسری جانب ڈی ٹی ایچ لائسنس تنازع پر پی بی اے نے سخت نوٹس لیتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ غیر ملکی کمپنیوں کو ڈی ٹی ایچ لائسنس دینا غیرقانونی ہے جب کہ ترجمان پيمرا کے مطابق ملک کے زيادہ تر حصوں ميں کيبل مکمل بحال ہے جب کہ بیشتر کیبل آپریٹرز نے بلیک آؤٹ کی کال سے اظہار لاتعلقی کیا ہے۔ ترجمان پیمرا نے کہا کہ ڈی ٹی ایچ لائسنس کےمعاملے پر مذاکرات کے لئے دروازے ہر وقت کھلے ہیں تاہم کسی کے دباؤ میں آئے بغیر اپنے موقف پر قائم ہیں۔