آئیڈیاز 2016 پاکستان ترکی کو اربوں روپے کے سپر مشاق طیارے فروخت کرے گا

پاکستان اور ترکی کے درمیان 52 سپر مشاق طیاروں کی فروخت کا معاہدہ طے پایا ہے، وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

پاکستان ترکی کو 2 سال میں 52 سپر مشاق طیارے فراہم کرے گا۔ فوٹو: فائل

پاکستان میں 'ہتھیار برائے امن' کے نام سے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 دوسرے روز بھی جاری ہے جس میں مختلف ممالک پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدوں میں دلچسپی لے رہے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 دوسرے روز بھی جاری ہے جس میں مختلف ممالک کے مندوبین اسلحے کی خریدو فروخت میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ دفاعی نمائش میں پاکستان اور ترکی کے درمیان 52 سپر مشاق طیاروں کی خریدو فروخت کا معاہدہ ہو چکا ہے، پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس میں تیار کردہ سپر مشاق طیارے ترکی کو فراہم کرے گا۔ اس کے علاوہ الخالد ٹینک میں جدت لانے کے لئے یوکرین پاکستان کی معاونت کرے گا جب کہ ایک مقامی کمپنی نے بھی پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کے ساتھ ہتھیاروں کا معاہدہ کیا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : پاکستان کا دفاعی سازوسامان امن کے فروغ کے لیے ہے، وزیراعظم


وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رانا تنویر کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کئی ممالک کے ساتھ دفاعی معاہدے ہو چکے ہیں لیکن سب سے بڑا معاہدہ ترکی کے ساتھ ہوا ہے جس کے تحت پاکستان ترکی کو 2 سال کے عرصے میں 52 سپرمشاق طیارے فراہم کرے گے۔ اس کے علاوہ دیگر ممالک کے ساتھ بھی سپر مشاق طیاروں کی فروخت کے معاہدے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ ایک پاکستانی سپر مشاق طیارے کی قیمت تقریباً 10 لاکھ ڈالر بنتی ہے اور اس حساب سے 52 طیارے تقریبا 5 کروڑ 20 لاکھ ڈالر یعنی 5 ارب 20 کروڑ روپے لاگت بنتی ہے۔

چار روز تک جاری رہنے والی دفاعی نمائش میں 43 ممالک كے 90 وفود شركت كررہے ہیں اور ان میں سے 30 مندوبین اعلیٰ سطح كے ہیں جن كی سربراہی ان ملكوں كے وزیر دفاع، ڈیفنس سیكریٹریز، چیف ڈیفنس اسٹاف یا حاضر چیفس کررہے ہیں، مجموعی طور پر 261 غیرملكی اور 157 پاكستانی كمپنیاں شریک ہیں جب كہ 34 ممالک كی 418 كمپنیاں نمائش میں اپنی مصنوعات پیش كررہی ہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x535nm5
Load Next Story