پاک بھارت سیریز شائقین انتظار کی سولی پر لٹک گئے

ویزوں کیلیے درکارٹکٹ پی سی بی کے نامزدٹریول ایجنٹس کو موصول نہیں ہوسکے

ممکنہ طور پر ہفتے کو ٹکٹ وصول ہونے کے بعد پیر سے ہی مزید کارروائی شروع ہوگی، ذرائع فوٹو: فائل

پاک بھارت کرکٹ سیریز دیکھنے کے خواہشمند شائقین بدستور انتظار کی سولی پر لٹکے ہوئے ہیں۔

پہلا ٹوئنٹی 20 میچ 25 دسمبر کو بنگلور میں کھیلا جانا ہے جبکہ ویزوں کیلیے لازمی درکار ٹکٹ تاحال پی سی بی کے نامزد ٹریول ایجنٹس کو موصول نہیں ہوسکے، ذرائع کے مطابق ممکنہ طور پر ہفتے کو ٹکٹ وصول ہونے کے بعد پیر سے ہی مزید کارروائی شروع ہوگی۔


دریں اثنا پاکستانی شائقین کی رہائش کیلیے صرف دہلی میںمخصوص کیے گئے 5 ہوٹلوں کی فہرست تینوں ٹریول ایجنٹس کو فراہم کی گئی ہے، ٹکٹیں وصول ہو بھی گئیں تو شائقین صرف دہلی ہی جا سکیں گے کیونکہ ویزا حاصل کرنے کیلیے ہوٹل بکنگ،میچ و سفر کا ریٹرن ٹکٹ اور7 روز کا وقت لازمی ہے، اس دوران بیشتر مقابلے ہو چکے ہونگے۔



دوسری جانب دہلی جانے والے شائقین کی بس کے ذریعے روانگی بھی آسان نظر نہیں آرہی، ٹریولز ایجنٹس کے مطابق بس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بکنگ کرانے کیلیے پہلے بھارتی ویزا لائیں جبکہ بھارتی ہائی کمیشن کی شرط ہے کہ پہلے ریٹرن ٹکٹ حاصل کیا جائے، پہلے صرف بائی ایئر کی بکنگ ہورہی تھی، ریلوے نے ویزے کی شرط رکھی، بعد ازاں انتظامیہ لاہور سے اٹاری تک بکنگ کرنے پر رضا مند ہوگئی۔
Load Next Story