مودی ہمارا پانی بند کرے گا تو ہم اس کی سانس بند کردیں گے سراج الحق

اس کے ہاتھ میں وہ لکیرنہیں کہ پاکستان کا پانی بند کر سکے، امیر جماعت اسلامی

فلسطینی مسلمان امت سے مددکے طلبگار ہیں، خالد مشعل، بھارت کشمیر پر تسلط نہیں رکھ سکتا، صلاح الدین۔ فوٹو:فائل

جماعت اسلامی پاکستان کے امیرسینیٹرسراج الحق نے کہا ہے کہ مودی کے ہاتھ میں وہ لکیر نہیں کہ پاکستان کاپانی بندکرسکے، مودی سن لوتم ہمارا پانی بندکروگے توہم تمہاری سانس بند کردیں گے، انھوں نے کہا کہ آرمی چیف کی آئین اور ضابطے کے تحت رخصتی اور نئے آرمی چیف کا تقرر خوش آئند ہے۔

ان خیالات کا اظہار سراج الحق نے مزارقائد سے متصل باغ جناح میں جماعت اسلامی کے تحت دو روزہ سندھ ورکرزکنونشن کے پہلے دن اپنے خطاب میں کیا۔ کنونشن میں کراچی سمیت اندرون سندھ سے ہزاروں مرد و خواتین شریک ہیں کنونشن اتوارکے روز بھی جاری رہے گا۔ کنونشن کے پہلے دن انٹرنیشنل سیشن بھی ہوا جس کی صدارت جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیرسید منور حسن نے کی جبکہ ابتدائی سیشن میں امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اورامیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

انٹرنیشنل سیشن میں حماس کے سربراہ خالد مشعل ، بنگلہ دیش جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر بدرالاسلام ، ترک حکمران پارٹی کے رہنما برہان قایہ ترک کے وڈیو پیغام بھی سنایا گیا اورکشمیری حریت رہنما وحزب المجاہدین کے سربراہ پیرسید صلاح الدین، علما کونسل کے صدرمولانا ظفرآزاد اور جماعت اسلامی پاکستان کے نگراں امورخارجہ عبد الغفار عزیز نے بھی خطاب کیا۔ ابتدائی سیشن سے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیرمحمد حسین محنتی، پروفیسر نظام الدین میمن اورمولانا عطا اللہ رؤف نے بھی خطاب کیا۔

سراج الحق نے کہاکہ کل مودی نے ہمیں پیغام دیا کہ وہ پاکستان کا پانی بند کرے گا، آج میں شہر کراچی میں اورخاص کرقائد اعظم کے مزارکے قریب موجود ہوں اور پاکستان کا وہ صوبہ جوباب الالسلام ہے جہاں کے چپے چپے پر محمد بن قاسم کے نشانات ہیں بھارتی وزیراعظم کوبتانا چاہتا ہوں کہ زمانہ گزر گیا حالات تبدیل ہو گئے لیکن ہماری قوم کی ماؤں کی گود میں آج بھی ایک نہیں کروڑوں محمود غزنوی اور احمد شاہ ابدالی جیسے نوجوان اور بچے موجود ہیں اور مودی نے کوئی مہم جوئی کی تو انشا اللہ پاکستانیوں کی ٹکر سے تمہارے تکبر اور غرورکا سومنات پاش پاش ہوجائے گا۔


سراج الحق نے کہا کہ سندھ ورکرز کنونشن میں ہزاروں کی تعداد میں مرد وخواتین کی شرکت پر پوری ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں۔ میں سمجھتا ہوں کہ یہ تاریخی کنونشن ہے، اس کا یہی پیغام ہے کہ اٹھو میرے دنیا کے غریبوں کو جگا دو خاک ِامرا کے درو دیوار کو ہلا دو ۔انھوں نے کہا کہ ہم ایسا نظام اور معاشرہ قائم کرنا چاہتے ہیں جہاں ایک خاندان اور پارٹی دوسروں کا استحصال نہ کرے ،جہاں کرپشن اور رشوت عام نہ ہو، ایک ایسی دنیا ہوجہاں سود کے دروازے بند ہوجائیں اور نکاح کرنا آسان ہو، بدی کے سارے راستے بند ہوجائیں۔

سربراہ جماعت اسلامی نے کہا کہ آج شام، عراق، کشمیر اور فلسطین جل رہے ہیں،آج اگر اس دنیا میں دہشت گردی ہے تو یہ اسلام دشمن قوتوں کا تحفہ ہے ۔انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا ذمے دار برطانیہ ہے جس نے اس کو متنازع بنایا۔ آج اگر کشمیر میں ہماری ماؤں، بہنوں ،بیٹیوں کے ساتھ ان کے جگر گوشوں کو قتل کیا جا رہا ہے اس میں انڈیا کا ہاتھ ہے اوربرطانیہ بھی شریک جرم ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان میں ایشیا کی سب سے بڑی اسٹیل مل تباہی و بربادی سے دوچار ہے، ملازمین کو 9 ماہ سے تنخواہیں نہیں ملی ،اسٹیل مل خسارے میں لیکن میں حیران ہوںکہ حکمرانوں کی اسٹیل مل مسلسل ترقی کر رہی ہے۔

سید منور حسن نے انٹر نیشنل سیشن سے صدارتی خطاب کیا جبکہ فلسطین میں اسرائیل کے خلاف برسر پیکار حماس کے سربراہ خالد مشعل نے عربی میں اپنا خطاب کیا جس کا اردوترجمہ عبد الغفار عزیز نے پیش کیا ۔ خالد مشعل نے کہا کہا فلسطین کے مسلمان پاکستان کے سمیت پوری امت کے مسلمانوں سے مدد اور دعاؤں کے طلبگار ہیں۔کشمیر کے حریت رہنما اور حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین نے کہاکہ بھارت خواہ کتنے ہی مظالم ڈھالے، کشمیریوں کو زیادہ عرصے تک اپنے تسلط میں نہیں رکھ سکتا۔

علما کونسل کے صدر مولانا ظفر آزاد نے برما میں مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم اور بدھسٹ حکمرانوں اور افواج کی حالیہ کاروائیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا ۔قبل ازیں کنونشن سے امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے بھی خطاب کیا۔

https://www.dailymotion.com/video/x53p14a_sirajul-haq_news
Load Next Story