اسکواش بطور ’’ہوم وینیو‘‘ یو اے ای کے استعمال پر غور

3 میچزکی سیریزکے حوالے سے خط پر بھارتی جواب کاانتظار کررہے ہیں، سینئر نائب صدر پی ایس ایف

انٹرنیشنل سرکٹ فور میں عامر اطلس، فرحان محبوب، وقاص، ناصر اقبال، دانش اطلس، ثاقب اور یاسر بٹ نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ فوٹو: فائل

کرکٹ کے بعد پاکستان نے اسکواش میں بھی یو اے ای کو بطور''ہوم وینیو'' استعمال کرنے پر غور شروع کر دیا۔

پی ایس ایف کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل رضی نواب کا کہنا ہے کہ جنوری کے تیسرے ہفتے میں انٹرنیشنل میچز کا انعقاد کریں گے،ان کے مطابق ملک میں زیادہ انٹرنیشنل مقابلے نہ ہونے کا کھلاڑیوں کو خاصا نقصان ہو رہا ہے، دوسری جانب اسلام آباد میں پاکستان انٹرنیشنل اسکواش سرکٹ فور ٹورنامنٹ جاری ہے، گذشتہ روز ٹاپ سیڈ عامر اطلس ، فرحان محبوب ، وقاص محبوب ، ناصر اقبال ، دانش اطلس خان، محمد ثاقب یوسف اور یاسر علی بٹ نے کوارٹر فائنل کیلیے کوالیفائی کر لیا ۔

تفصیلات کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے سبب غیر ملکی ٹیمیں پاکستان آنے کو تیار نہیں، پی سی بی نے اسے لیے یو اے ای کو ''ہوم گرائونڈ '' کا درجہ دے دیا جہاں تواتر سے غیرملکی کرکٹ ٹیموں کی میزبانی کی جا رہی ہے، اب اسکواش فیڈریشن بھی یہی کرنے پر غور کرنے لگی،اس حوالے سے پاکستان اسکواش فیڈریشن کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل رضی نواب نے کہا کہ ملک میں انٹرنیشنل مقابلے نہ ہونے کی وجہ سے ہم متحدہ عرب امارات کو نیوٹرل وینیو بنانے پر غورکر رہے ہیں،جنوری کے تیسرے ہفتے میں انٹرنیشنل میچز کاانعقاد کریں گے۔




میڈیا سے بات چیت میں انھوں نے مزید کہا کہ ہم نے بھارتی فیڈریشن کو تین میچز کی سیریزکیلیے خط لکھ دیا جس کے جواب کا انتظار کر رہے ہیں،انھوں نے مزید کہا کہ اگر کوئی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان میں اسکواش کی ٹریننگ حاصل کرنا چاہے تو ہم انھیں تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔ ایک سوال پر رضی نواب نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی ٹورنامنٹ کیلیے کویت نے ویزے نہ جاری کیے جس کی وجہ سے انھیں کافی نقصان اٹھانا پڑا۔

دریں اثنا پی ایس بی کے مصحف کمپلیکس میں ان دنوں پاکستان انٹرنیشنل اسکواش سرکٹ فور ٹورنامنٹ جاری ہے، گذشتہ روز کوارٹر فائنل لائن اپ مکمل ہو گئی، نتائج کے مطابق عامر اطلس نے منصور زمان کو11-7 ، 11-2اور 11-5 سے شکست دے دی، فرحان محبوب نے سید علی بخاری کو11-4،11-7 اور 11-4 سے زیر کیا۔

وقاص محبوب نے صدام الحق کیخلاف11-4 ،11-8 اور 11-8 سے کامیابی حاصل کی، ناصر اقبال نے طیب اسلم کو11-8،11-6 ،9-11 ،11-13،11-7 جبکہ دانش اطلس خان نے عاقب حنیف کو11-6 ، 11-8 اور 11-7سے مات دی، محمد ثاقب یوسف کی عاصم خان پر فتح کا اسکور11-7,11-8,11-7 رہا، یاسر علی بٹ نے حمادفرید کو 14-12,5-11,11-6,7-11,11-6سے مات دے کر فائنل 8 میں جگہ بنالی۔
Load Next Story