پنجاب کابینہ میں توسیع مزید 11 وزرا آج حلف اٹھائیں گے

3 مشیر، 2 معاون خصوصی بھی مقرر، مجرموں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

3 مشیر، 2 معاون خصوصی بھی مقرر، مجرموں کیخلاف بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ۔ فوٹو: فائل

لاہور:
پنجاب صوبائی کابینہ میں 11 نئے وزراء شامل کر لیے گئے ہیں جو آج گورنر ہاؤس میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے، وزیراعلیٰ کے 3 مشیر اور 2 معاون خصوصی بھی مقرر کر دیے گئے۔

وزرا کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، وزرا بنائے جانے والوں میں وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ مرحوم کے بیٹے جہانگیر خانزادہ، ترجمان حکومت پنجاب زعیم قادری، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق، مہراعجاز احمد اچلانہ، ملک احمد یار ہنجرا، منشا اللہ بٹ، امانت اللہ شادی خیل، شیخ علاؤ الدین، نغمہ مشتاق، نعیم اختر خان بھابھا اور سید رضا علی گیلانی شامل ہیں۔


رکن صوبائی اسمبلی ملک محمد احمد خان اور رانا محمد اصغر کو وزیراعلیٰ پنجاب کا معاون خصوصی، خواجہ عمران نذیر، رانا مقبول احمد اور عزم الحق کو مشیر مقرر کردیا گیا ہے۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب میں سماج دشمن عناصر، جرائم پیشہ افراد اور اشتہاریوں کیخلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا حکم دیا اور کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلیے ہر ضروری اقدام کیا جائے، پولیس کو عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔

مزیدبرآں وزیراعلیٰ پنجاب نے سیؤل میں منعقدہ باکسنگ کے مقابلے سلور فلائی ویٹ چمپئن کے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے پر پاکستانی باکسر محمد وسیم کو مبارکباد دی ہے۔
Load Next Story