میری پاکستان آمد امن کا پیغام ہے بھارتی ٹینس اسٹار نریش کھتری

ورلڈکپ کیلیے جونیئر ہاکی ٹیم کوبھارتی ویزے جاری کرنے چاہیے تھے، ٹینس اسٹار

ورلڈکپ کیلیے جونیئر ہاکی ٹیم کوبھارتی ویزے جاری کرنے چاہیے تھے،ٹینس اسٹار فوٹو: اے ایف پی/فائل

پاکستان ٹینس فیڈریشن کے زیر اہتمام پہلی کراچی جیمخانہ آئی ٹی ایف سینئرز ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے آنے والے بھارتی اسٹار کھلاڑی نریش کھتری نے کہاکہ میری آمد امن کا پیغام ہے۔


دونوں ممالک ایک دوسرے کے قریب آنا چاہتے ہیں، بھارت کو عالمی جونیئر کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستان ٹیم کو ویزے جاری کرنا چاہیے تھے، کراچی جیمخانہ میں نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چوتھی مرتبہ پاکستان آنا بہت اچھا لگا، یہاں کے لوگوں سے ملنے والی محبت مجھے دوبارہ کھینچ کر لے آئی، ایسا لگتا ہے کہ جیسے اپنے گھر میں ہی ہوں، نریش کھتری نے کہا کہ انٹرنیشنل ایونٹ میں شرکت کا موقع فراہم کرنے پر حکومت پاکستان کا بہت مشکور ہوں، اس حوالے سے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری سید خالد رحمانی نے ذاتی طور پرخصوصی کاوشیں کیں جس کے سبب مجھے ویزہ جاری ہو سکا، انھوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان موجودہ کشیدہ صورتحال کے سبب مجھے عزیز و اقارب اور دوست احباب پاکستان جانے سے روکتے رہے۔

میری اپنی بیٹی آخری وقت تک زاروقطار روتے ہوئے فیصلہ واپس لینے پر اصرار کرتی رہی لیکن مجھے علم تھا کہ مجھے پاکستان میں بہت پیار ملے گا چنانچہ بلاخوف وخطرچلا آیا، نریش کھتری نے کہا کہ کھیلوں کو سیاست سے دور رکھنے کی ضرورت ہے، اسپورٹس کے ساتھ ثقافتی وفودکا باہمی تبادلہ ماحول کی گرمی کوکم کر سکتا ہے، انھوں نے کہا کہ اگر پاکستان جونیئر ہاکی ٹیم بھارت جاکر عالمی جونیئر کپ میں شرکت کرتی تو وہاں کے عوام کو بھی مسرت ہوتی، دوسری جانب آئی ٹی ایف سینئرز ٹینس چیمپئن شپ میں شرکت کے لیے آنے والے ارجنٹائن کے کھلاڑی فرینک ٹیلوٹو نے بھی پاکستان آنے کو خوشگوار تاثر قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں کا خلوص اور مہمان نوازی ناقابل فراموش ہے، یہاں پہنچ کر کسی خوف و خطرے کا احساس نہیں ہوتا،ایسے انٹرنیشنل ایونٹس کا پاکستان میں تسلسل کے ساتھ انعقاد ہونا چاہیے۔
Load Next Story