ویمنز ٹی 20 ایشیا کپ پاک بھارت فائنل معرکے کے لیے میدان سج گیا

گرین شرٹس نے میزبان تھائی لینڈکو 5 وکٹ سے مات دے دی، ثنامیر کی چار وکٹیں،سری لنکا نے بنگلہ دیش کو ہرا دیا

اب گرین شرٹس کی ایونٹ میں بہتر کارکردگی کی وجہ سے فائنل میں دونوں ٹیموں کا ٹکراؤ ہوگا۔ فوٹو؛ فائل

KARACHI:
ویمنز ایشیا کپ ٹوئنٹی 20 میں پاک بھارت فائنل معرکے کیلیے میدان سج گیا، گرین شرٹس نے میزبان تھائی لینڈکو 5 وکٹ سے مات دے کر اتوار کو شیڈول ٹرافی میچ میں جگہ بنائی، دوسرے میچ میں سری لنکن ویمنز ٹیم نے بنگلہ دیش کو 7 وکٹ سے پچھاڑ دیا۔

تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے آغاز سے قبل بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے پاکستان کے ساتھ نہ کھیلنے کا عندیہ دیا جارہا تھا،مگر ورلڈ چیمپئن شپ کے گرین شرٹس کے ساتھ تین میچز فورفیٹ قرار دیے جانے پر وہ ایشیائی ایونٹ میں پاکستانی ویمنز ٹیم سے کھیلنے کو تیار ہوا، اب گرین شرٹس کی ایونٹ میں بہتر کارکردگی کی وجہ سے فائنل میں دونوں ٹیموں کا ٹکراؤ ہوگا۔

گذشتہ روز پاکستان ویمنز ٹیم نے 52 رنز کا ہدف 5 وکٹ پر 12 ویں ہی اوور میں حاصل کرلیا، اوپنر عائشہ ظفر پہلی ہی گیند پر سوتھیرونگ کی گیند پر لاؤمی کا کیچ بنیں، بسمہٰ معروف 6کے انفرادی اسکور پر رن آؤٹ ہوئیں۔ اس موقع پر اسماویہ اقبال اور ندا ڈار نے ٹیم کو سنبھالتے ہوئے مجموعے کو 44 تک پہنچایا تاہم اسماویہ 24 رنز بناکر لاؤمی کا شکار بن گئیں، کیچ چنتم نے تھاما۔ ثنا میر (1) کو بھی لاؤمی نے ہی قابو کیا جبکہ کیچ اس بار ٹیپوچ کے ہاتھوں میں محفوظ ہوا۔


ندا ڈار نے 14 رنز پر اپنی وکٹ لاؤمی کو ہی عطیہ کردی، انھیں وکٹ کیپر کون چاروئین کی نے اسٹمپڈ کیا۔ ہدف کم ہونے کی وجہ سے گرین شرٹس 11.4 اوورز میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں،لاؤمی نے تین وکٹیں لیں۔ اس سے پہلے تھائی لینڈ کی ٹیم 18.2 اوورز میں 51 رنز پر آؤٹ ہوگئی، صرف دو کھلاڑی نالٹکن چنتم (13) اورچنیدا سوتھیرونگ(11) ہی ڈبل فیگر میں پہنچ پائیں،ثنا میر نے 4 جبکہ انعم امین اورندا ڈار نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔

دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم نے 3 وکٹ پر 93 رنز بنائے، سنجیدہ اسلام 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہی، چماری اتاپتو نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں سری لنکن ویمنز ٹیم نے 3 وکٹ پر 19 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا، چماری نے سب سے زیادہ 39 رنز بنائے،رومانہ احمد نے 2پلیئرز کو پویلین بھیجا۔

 
Load Next Story