روز موقف بدلنے اور الزمات لگانے سے کوئی وزیراعظم نہیں بنتا طلال چوہدری

عمران خان اپنی ہر بات کو حرف آخر اور فیصلہ سمجھتے ہیں، انوشہ رحمان

نواز شریف کی تقریر میں نہیں عمران خان کے موقف میں تضاد ہے، طلال چوہدری. فوٹو: ایکسپریس

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ روز موقف بدلنے سے کوئی وزیراعظم نہیں بنتا البتہ نااہل اور بیوقوف ضرور لگتا ہے۔

پاناما کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا کہ اس وقت سب سے اہم کیس سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے، ہمارا دامن صاف ہے اور ہمیں اللہ پر پورا یقین ہے کہ ہم سرخرو ہوں گے کیونکہ ہم پر جتنے بھی الزام لگے وہ جھوٹ پر مبنی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت ہر محاذ پر مخالفین کے الزامات کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار تھی اور ہے، ہم تحریک انصاف کے جھوٹ کو قوم کے سامنے لائے، وزیر اعظم نے بار بار کہا کہ وہ عدالت کا فیصلہ قبول کریں گے لیکن عمران خان کے وکیل نے کہا ہم کمیشن کا بائیکاٹ کریں گے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کمیشن کا قیام سپریم کورٹ کا صوابدیدی اختیار

وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمان نے کہا کہ عمران خان نے کہا تھا کہ عدالت میں ثبوت لائیں گے لیکن وہ ثبوت نہیں لائے، جو فوٹو کاپیاں انہوں نے لگائی کیا وہ شہادتیں ہیں، عمران خان نے کہا 4 فلیٹ وزیراعظم کے خاندان کے ہیں لیکن وہ کوئی ثبوت نہ لاسکے، انہوں نے عدالت میں جو بد تہذیبی کی مثال قائم کی وہ انتہائی شرمناک ہے۔ عمران خان کے وکلا نے کہا کہ اگر کمیشن بنا تو وہ اس کا بائیکاٹ کریں گے جو انتہائی افسوس ناک ہے، عمران خان تو شاید یہ بھی بھول گئے کہ ان کی جانب سے دائر کردہ مقدمہ کیا تھا، عمران خان چاہتے ہیں کہ وہ جلد از جلد وزیر اعظم بن جائیں، وہ اپنی ہر بات کو حرف آخر اور فیصلہ سمجھتے ہیں، وہ نہ پاکستان کے عوام کو مانتے ہیں اور نہ ہی اداروں کو مانتے ہیں۔


انوشہ رحمان نے کہا کہ ہم نے سپریم کورٹ کے سامنے پاناما کیس کے سلسلے میں عائد الزامات کا بھر پور جواب دیا ہے، ہم نے قانون کی روشنی میں بتایا کہ مریم کسی صورت وزیر اعظم کے زیر کفالت نہیں ہیں۔ سپریم کورٹ کمیشن بنائے یا خود کیس سنے ہمیں دونوں صورتیں قبول ہیں، ہم عدالتی فیصلے کو قبول کریں گے اور اپنا کیس سچ کی بنیاد پر جیتیں گے۔ عمران خان کے نزدیک سیاست جھوٹ ہوگی ہمارے لیے سیاست عبادت ہے، وہ اداروں کی تضحیک کرتے ہیں اور ہم کام کرنا چاہتے ہیں، ایک شخص کی ہٹ دھرمی ملک کو ترقی سے روک رہی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: تحریک انصاف کا کمیشن کے بائیکاٹ کا اعلان

اس موقع پر طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ جھوٹ کے پاؤں نہیں ہوتے، جھوٹ زیادہ دیر کھڑا نہیں رہ سکتا، نواز شریف کی تقریر میں نہیں عمران خان کے موقف میں تضاد ہے، کمیشن نہ بنے تو لاک ڈاؤن اور اگر بن جائے تو بائیکاٹ، روز نئی بات کرنے سے انسان وزیر اعظم نہیں بنتا، روز موقف بدلنے سے انسان نااہل اور بیوقوف ضرور لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عوام کے ووٹ سے بنتا ہے، عوام ووٹ اس کو دیتے ہیں جو کام کرتے ہیں، عمران خان نے کرکٹ کے سوا کبھی ریڑھی بھی نہیں لگائی، ان کا ہاتھ ہمیشہ دوسروں کی جیب میں ہوتا ہے، انہوں نے کمیشن کے بائیکاٹ کا اعلان سوچ سمجھ کرکیا کیونکہ کمیشن بنا تو سب سے پہلے کٹہرے میں عمران خان آئیں گے، انہیں منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کا جواب دینا ہو گا۔ اب عمران خان اور جہانگیر ترین کی باری آئے گی، ہم انہیں پکڑ پکڑ کر عدالت لائیں گے۔

وزیر اعظم کے قانونی معاون بیرسٹر ظفر اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ جیسا ادارہ کسی کی دھمکیوں پر نہیں چلتا، یہ وہ عدالت ہےجس کے لئے خود انہوں نےدرجنوں بارلاٹھیاں کھائی ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما محسن رانجھا نے کہا کہ ہم نے تحریک انصاف کے ہر اعتراض کا جواب عدالت میں دیا، ابھی مریم نواز اور حسین نواز کے وکلاء نے بحث کا اعلان نہیں کیا، ہم سب کا فرض ہے کہ عدالتی فیصلوں کا احترام کریں لیکن عمران خان کی جانب سے عدالتوں کا احترام نظر نہیں آتا، عمران خان نے عدالت میں یو ٹرن لیا حالانکہ انہوں نے خود معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کی استدعا کی تھی۔ عمران خان خود عدالتی اشتہاری ہیں۔

https://www.dailymotion.com/video/x54rxd2
Load Next Story