اظہر علی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کی تیاریوں سے مطمئن

بولرز نے پنک بال کا بہتر استعمال کیا،برسبین میں اچھی کارکردگی دکھائیں گے، قومی بیٹسمین

کینز میں ماحول شاندار تھا، تمام کھلاڑی اس شہر کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئے، اظہر۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
اظہر علی ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ کیلیے تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کردیا، اوپنر کا کہنا ہے کہ بیٹسمینوں نے کریز پر اچھا وقت گزار لیا، بولرز نے بھی پنک بال کا بہتر استعمال کیا، برسبین میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق کرکٹ آسٹریلیا الیون سے ٹور میچ کے اختتام پر میڈیا سے بات چیت میں اظہر علی نے کہا کہ پریکٹس کیلیے شیڈول کیے گئے مقابلوں میں بیٹسمینوں کی کوشش ہوتی ہے کہ کنڈیشنز سے ہم آہنگی کیلیے کریز پر زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں، دوسری جانب بولرز پچز کے مطابق لائن اور لینتھ سیٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، پاکستان ٹیم نے یہ مقصد بڑی حد تک حاصل کرلیا۔

اظہر علی نے کہا کہ دبئی میں کھیلے جانے والے ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ اور کینز کی کنڈیشنز میں بڑا فرق تھا، پچ زیادہ تیز نہیں لیکن گیند میں موومنٹ زیادہ تھی، بیٹنگ میں اگرچہ سخت کوشش کرنا پڑی لیکن اس کا برسبین ٹیسٹ میں فائدہ ہوگا، بیٹسمین مصنوعی روشنیوں میں پنک بال کا بہتر انداز میں سامنا کرسکیں گے۔


اظہر علی نے کہا کہ ٹیم متوازن اور آسٹریلوی کنڈیشنز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے، ہم اپنی تیاریوں سے مطمئن ہیں، خاص طور پر فیلڈنگ بہتر بنانے کیلیے سخت محنت کی تھی جس کا پھل بھی ملنا شروع ہوگیا، کھلاڑیوں کو شدت سے احساس ہے کہ میچ جیتنے کیلیے کیچز لینا انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ٹور میچ کے دوران اس شعبے میں خاصی بہتری نظر آئی۔

اظہر علی نے کہا کہ کینگروز کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں بھی عمدہ فیلڈنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنے بولرز کو بھرپور سپورٹ کریںگے۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کینز میں ماحول شاندار تھا، تمام کھلاڑی اس شہر کی مہمان نوازی سے لطف اندوز ہوئے۔

 
Load Next Story