خیبر سے کراچی تک دہشتگرد متحد ہوسکتے ہیں تو پھر قوم کیوں نہیں اسفندیار ولی
عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان کا کہنا ہے کہ خیبر سے کراچی تک دہشتگرد متحد ہوسکتے ہیں تو پھر قوم متحد ہوکر اس کا مقابلہ کیوں نہیں کرسکتی۔
پشاور میں بشیر بلور کی تدفین کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عوامی نیشنل پارٹی دہشتگردی کی سوچ کے خلاف ہے۔ بشیر بلور اپنی جان کی قربانی دے کر پارٹی پر قرض چھوڑ گئے ہیں اس قرض کو چکانے کے لئے آخری وقت تک دہشتگردوں کے خلاف لڑیں گے۔
اسفندیار ولی خان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں کے خلاف قوم کو متحد ہوکر میدان میں اترنا ہوگا۔ آج بھی کئی لوگ خودکش حملوں کی مذمت نہیں کرتے لیکن کوئی ساتھ دے یا نہ دے عوامی نیشنل پارٹی کا ایک ایک کارکن آخری دم تک دہشتگردی کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔