روسی صدر دنیا کی با اثر ترین شخصیت قرار

دنیا کی طاقتور ترین شخصیات میں نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ دوسرے نمبر پر ہیں

جرمن چانسلر انجیلا مرکل تیسرے جب کہ امریکی صدر اوباما 48 ویں نمبر پر ہیں۔ فوٹو: فائل

روس کے صدر ولاد میر پیوٹن نے ایک بار پھر دنیا کی بااثر ترین شخصیت کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

امریکی جریدے فوربز نے 2016 میں دنیا کی بااثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کی ہے جس میں دنیا کی 10 بااثر ترین شخصیات کے نام بتائے گئے ہیں اور اس فہرست میں روسی صدر ولاد میر پیوٹن نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

امریکی جریدے کے مطابق امریکی صدارتی انتخابات کے دوران روسی ہیکرز کی وجہ سے خبروں میں رہنے والے روسی صدر ولاد میر پیوٹن فہرست میں سب سے آگے ہیں جب کہ بااثر شخصیات کی فہرست میں نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دوسرا نمبر ہے۔


جرمن چانسلر انجیلا مرکل دنیا کی تیسری بااثر ترین شخصیت ہیں جب کہ چین کے صدر شی جن پنگ چوتھے اور پوپ فرانسس پانچویں نمبر پر ہیں۔ مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس ساتویں، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نویں اور فیس بک کے بانی مارک زکر برگ 10ویں نمبر پر ہیں۔

برطانوی وزیراعظم تھریسامے بااثرترین افراد کی فہرست میں 13ویں نمبر پر ہیں جب کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اس فہرست میں 16ویں اور ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای 18ویں نمبر پر ہیں۔ موجودہ امریکی صدر براک اوباما اس فہرست میں 48 ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔

واضح رہے کہ روسی صدر ولاد میر مسلسل چار سال سے دنیا کی با اثر ترین شخصیت قرار دیئے جا رہے ہیں۔
Load Next Story