خوابوں کی تعبیر

اپنے خوابوں کی صحیح تعبیریں جانیے۔

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

لاہور:
سورۃ الم نشرح کی تلاوت
خالد قادری، سرگودھا
خواب : میں نے دیکھا کہ میں اپنے کمرے میں ہوتا ہوں اور سورۃ الم نشرح کی تلاوت کررہا ہوتا ہوں۔ میں اپنی خوبصورت آواز میں اس سورت کی تلاوت کرتا ہوں تو مجھے محسوس ہوتا ہے کہ میں ایک وجدان کی کیفیت میں چلا گیا ہوں۔ پھر میں اپنی آواز کو آہستہ آہستہ کم کرنے کی کوشش کرتا ہوں تو آواز کم ہوجاتی ہے۔ میں اس سورۃ کو مکمل کرتا ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر : اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے آپ کا دل اسلام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ آپ کے معاملات میں آسانی پیدا ہوگی۔ غم اور رنج دور ہوں گے۔ رزق حلال میسر ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں اضافہ ہوگا۔ مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کیا کریں۔

گھوڑے سے گرنا
طفیل محمد، اسلام آباد
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنی زمینوں پر ہوتا ہوں تو میرا ملازم مجھے آکر بتاتا ہے کہ ایک نیا گھوڑا آیا ہے آپ دیکھ لیں۔ میں اس گھوڑے پر سواری کرنا چاہتا ہوں اور پھر اپنے کھیت میں اس کو دوڑاتا ہوں کہ اچانک گھوڑے نے مجھے ایک دم زمین پر گرادیا جس کی وجہ سے میں پریشان ہو جاتا ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مصیبت یا ذلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ آپ کی عزت اور رتبہ میں کوئی رکاوٹ پیدا ہوگی جس سے پریشانی آسکتی ہے کاروبار میں کوئی رکاوٹ یا بندش بھی پیدا ہوسکتی ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل میں کمی آسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے ہر نماز کے بعد استغفار کیا کریں اور کچھ صدقہ وخیرات بھی کیا کریں۔

گندا پانی دیکھنا
فصیحہ اقبال، چیچہ وطنی
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ ایک گڑھا ہے جس میں گندا پانی جمع ہے اور بلبلے اٹھ رہے ہیں۔ میرے ذہین میں خیال آتا ہے کہ شاید اس میں مجھے قیمتی چیز ملے گی۔ پھر ایک کالی بھینس آتی ہے اور مجھے فرش پر لٹا کر اپنی گردن سے میرے سینے کو دباتی ہے۔ اس وقت تو مجھے کچھ نہیں ہوتا مگر بعد میں زور سے کلمہ پڑھنے لگتا ہوں جیسے میری روح نکل رہی ہو ۔ اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کسی پریشانی یا مصیبت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ گھر کا کوئی فرد بیمار ہوسکتا ہے۔ کسی دشمن سے سامنا ہوسکتا ہے جس سے نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔ آپ کے کاروبار میں بھی کمی آسکتی ہے جس سے مال و وسائل میں بندش ہوسکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں اور کچھ صدقہ وخیرات بھی کیا کریں۔

ایک بھینسا میری طرف آتا ہے
شکیلہ بی بی، مردان
خواب : میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے بازار میں کچھ سودا سلف خریدنے کیلئے جاتی ہوں۔ ابھی میں ایک دوکان پر کھڑی ہوتی ہوں کہ ایک بہت بڑا بھینسا نہ جانے کہاں سے آجاتا ہے اور دوڑتا ہوا میری طرف آتا ہے۔ اس کے سینگ بڑے خطرناک ہوتے ہیں اور وہ مجھے مارنے کی کوشش کرتا ہے۔ میں ایک دوسری دوکان کے اندر چلی جاتی ہوں۔ وہ بھینسا میری طرف پھر آتا ہے اتنے میں میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی مصیبت یا پریشانی آسکتی ہے۔ گھر کا کوئی فرد یا آپ بیمار ہو سکتے ہیں جس سے پریشانی آسکتی ہے۔ آپ کے کاروبار میں کوئی رکاوٹ آسکتی ہے جس سے آپ کے مال و وسائل میں کمی واقع ہوگی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد کیا کریں۔ منگل یا ہفتہ کو ظہر کی نماز کے بعد کالے چنے یا کالے ماش یا کالا کپڑا کسی مستحق کو دیا کریں۔


گھر کی چوکھٹ شاندار ہوتی ہے
نسیم بیگم ، لاہور
خواب: عظیمی صاحب کچھ دن پہلے میں نے ایک خواب دیکھا کہ میں ایک خوبصورت مکان کے باہر کھڑی ہوتی ہوں۔ اُس گھر کی چوکھٹ بہت ہی خوبصورت ہوتی ہے۔ اس پر پرانے زمانے کے نقش و نگار کندہ ہوتے ہیں اور میں کافی دیر تک اس گھر کی چوکھٹ کو دیکھتی رہتی ہوں۔ پھر میں مکان کے اندر داخل ہوتی ہوں ۔ مکان کافی بڑا ہوتا ہے اور اس کے کمرے بھی زیادہ اور کشادہ نظر آتے ہیں۔ میں اُس کی چھت کو غور سے دیکھتی ہوں ، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے ۔
تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اگر آپ کی شادی نہیں ہوتی ہے تو اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی شادی جلد ہو جائے گی۔ آپ کا خاوند اچھا اور محبت کرنے والا انسان ہو گا۔ اگر آپ شادی شدہ ہیں تو انشاء اللہ آپ اپنے گھر میں شاد اور آباد رہیں گی۔ گھر میں آرام اور سکون ملے گا ۔ اللہ تعالیٰ رزق میں برکت عطا فرمائیں گے اور آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحیی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں ۔

کاروبار میں بندش
خالد احمد ، جہلم
خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میری ایک دکان ہے جس میں جنرل سٹور کھول رکھا ہے اور وہ بالکل نہیں چل رہا۔ مہربانی فرما کر اس خواب کی تعبیر بتا دیں۔ میرا کاروبار بالکل ختم ہو گیا ہے اور اکثر اوقات گھر میں کھانے پینے کی بہت تنگی رہتی ہے۔ میں ایک عامل کے پاس گیا تھا ۔ اُس نے کہا کہ آپ کے کاروبار میں بندش ہے اور اس کو ختم کرنے کیلئے کافی زیادہ رقم کا تقاضا کیا جو میرے بس سے باہر ہے۔ آپ مجھے کوئی وظیفہ اور نقش ارسال کر دیں۔
تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے کوئی پریشانی، خوف یا غم مسلط ہو سکتا ہے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اپنی حفظ و امان میں رکھے۔ آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔ اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھیں ۔ اُس کی ذات انشاء اللہ آپ کی مشکلات حل ہو جائیں گی ۔ آپ رات کو بعداز نماز عشاء اوّل آخر گیارہ، گیارہ مرتبہ درود شریف کے ساتھ 41 مرتبہ آیت الکرسی پڑھ کر اللہ تعالیٰ سے دعا کریں کہ وسائل میں بہتری آ جائے گی ۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحیی یاقیوم کا ورد کیا کریں ۔ آپ ایک جوابی لفافہ مراقبہ ہال -158 مین بازار مزنگ لاہور کے پتہ پر ارسال کر دیں ۔ میں انشاء اللہ آپ کو نقش ارسال کر دوں گا۔

شہر میں دھواں اٹھتے دیکھنا
عابد خان ، مظفر گڑھ
خواب:۔ میں نے دیکھا کہ میں کسی شہر میں ہوتا ہو ں، وہاں کے لوگ اپنے کاروبار میں مشغول ہوتے ہیں ۔ پھر میں نے دیکھا کہ شہر میں دھواں نکلنا شروع ہو جاتا ہے ۔ لوگ ایک طرف بھاگنا شروع کردیتے ہیں ۔ میری سمجھ میں کچھ نہیں آتا اور میں بھی ان لوگوں کے پیچھے بھاگنا شروع کردیتا ہوں ۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔
تعبیر:۔ یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ نہ کرے شہر میں کوئی وباء پھیلنے کا اندیشہ ہو سکتا ہے ۔ شہر کے اوپر کوئی ظالم حاکم بھی مسلط ہو سکتا ہے جس سے شہر کی معاشرتی اور سماجی زندگی مفلوج ہو سکتی ہے ۔ آپ کے کارو بار میں کوئی رکاوٹ یا بندش بھی آسکتی ہے جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بھی کمی ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنج گانہ ادا کیا کریں کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات بھی کریں ۔

ہدہد کی آواز سننا
نبی بخش ،لاہور
خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک باغ میں ہوتا ہوں ۔ باغ بڑا خوبصورت اور سرسبز ہوتا ہے ۔ بہت بڑے بڑے درخت ہوتے ہیں میں درختوں کے نیچے سے گزر رہا ہوتا ہوں ۔ پھر میں نے دیکھا کہ ایک درخت کے اوپر ایک ہد ہد بیٹھی ہوئی ہوتی ہے اور وہ اپنی میٹھی آواز میں بول رہی ہوتی ہے۔ میں ہد ہد کی آواز درخت کے نیچے کھڑا ہو کر کافی دیر تک سنتا ہوں ۔ آواز میں ایک سوزسا لگتا ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ مہربانی فرما کر اس خواب کی تعبیر بتادیں۔
تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو کوئی خوشخبری ملے گی ۔کسی کام کے سلسلہ میں بھی کامیابی نصیب ہو گی ۔ علم و حکمت میں ترقی ہو گی ۔گھر میں آرام اور سکون ملے گا۔ کاروبار میں برکت ہو گی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی ۔ تنگ دستی اور پریشانی سے نجات ملے گی ۔آپ نماز پنچ گانہ ادا کیا کریں ۔ کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔
Load Next Story