ضلع ملیر کے دیہی علاقوں میں تیز بخار اور درد کی وبا اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ

24 گھنٹے میں تیز بخار اور جوڑوں کے شدید درد کی وبا سے 2 ہزار افراد بیمار، مرض ڈنگی وائرس نہیں

حتمی طورپرپرمرض کوچکن گنیا نہیں کہا جاسکتا، وبا سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپ لگارہے ہیں،ڈائریکٹرصحت۔ فوٹو: فائل

لاہور:
ضلع ملیر کے دیہی علاقوں کو تیز بخار اور جوڑوں میں شدید درد کی وبا نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، 24 گھنٹوں میں 2 ہزار سے زائد افراد اس وبا کی لپیٹ میں آگئے ہیں، ضلع ملیر اور گڈاپ ٹاؤن کے علاقوں میں واقع سندھ گورنمنٹ سعودآباد اسپتال، کورنگی اسپتال، ابراہیم حیدری اسپتال، شاہ فیصل کالونی کے تمام اسپتالوں اور گڈاپ ٹاؤن کے بنیادی صحت مراکز میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں کے لیے موبائل میڈیکل ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ وفاقی وزارت صحت کی جانب سے آج وبائی امراض کے ماہرین کراچی پہنچیں گے۔

ڈائریکٹر صحت کراچی ڈاکٹر عبدالوحید پنہور نے بتایا کہ گزشتہ روز سے ضلع ملیر میں تیز بخار اور جوڑوں میں درد کی وبا سے متاثرہ افراد مسلسل رپورٹ ہورہے ہیں جس کی اطلاع محکمہ صحت کو دے دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ محکمے کے ماہرین اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ یہ کون سی بیماری ہے تاہم تیز بخار اور جوڑوں میں درد کی علامات ڈینگی کی ہوتی ہیں لیکن یہ مرض ڈینگی نہیں ہے البتہ اس کی علامات ڈینگی بخار سے مماثل ہیں۔ کہا جارہا ہے کہ یہ مرض چکن گنیا ہے لیکن ابھی حتمی طورپر اس مرض کو چکن گنیا نہیں کہا جاسکتا۔

ڈاکٹر عبدالوحید پنہور نے بتایا کہ ماہرین طب اس مرض کا جائزہ لے رہے ہیں تاہم فوری کچھ کہنا قبل ازوقت ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ملیرکے علاقے میں واقع سندھ گورنمنٹ سعودآباد اسپتال سمیت دیگر تمام اسپتالوں میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی ہے جہاں متاثرہ مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ان متاثرہ علاقوں میں موبائل میڈیکل ٹیمیں بھی بھیج دی گئی ہیں تاکہ رات گئے مریضوں کو فوری طبی امداد فراہم کی جاسکے۔ وبا سے بیمار ہونے والوں میں خواتین، بچے اور ضعیف افراد بھی شامل ہیں اور بیشتر مریض نجی اسپتالوں کا رخ کررہے ہیں۔




وفاقی وزارت صحت کے ماہرین وبائی امراض آج کراچی پہنچ رہے ہیں۔ وہ متاثرہ علاقوں میں جاکر مریضوں کا معائنہ کرکے ضروری طبی ٹیسٹوں کیلیے رہنمائی فراہم کریںگے۔ واضح رہے کہ ضلع ملیرکے بعد گڈاپ ٹاؤن سے بھی تیز بخار اور جوڑوں کے شدید درد میں مبتلا متعدد مریض رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق ڈائریکٹر صحت کراچی نے کی ہے؛ انھوں نے بتایا کہ گڈاپ، ابراہیم حیدری اور ملیر سے ملحقہ دیہی علاقوں کی طبی نگرانی شروع کردی گئی۔ آج سے میڈیکل کیمپ لگائے جائیں گے جہاں ماہرین طب اور پیرامیڈیکل عملے کو تعینات کیا جائے گا۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ تیز بخارکی صورت میں فوری قریبی سرکاری اسپتال یا صحت کے مراکز سے رابطہ کریں۔

جناح اسپتال انتظامیہ نے بتایا ہے کہ اتوارکو بیشتر مریضوں کو تیز بخار میں جناح اسپتال کے شعبہ حادثات لایا گیا۔ اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ اسپتال کے شعبہ حادثات کو ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں، تیز بخار میں آنے والے مریضوں کے حوالے سے رہنما ہدایات بھی فراہم کردی گئی ہیں۔

Load Next Story