ڈونلڈ ٹرمپ باضابطہ طور پر امریکی صدر منتخب ہوگئے

ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے 304 ووٹ حاصل کیے۔

امریکی صدارتی انتخابات کے بعد ہر ریاست سے چنے گئے 538 نامزد اراکین نے اگلے امریکی صدر اور نائب امریکی صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے باضابطہ صدر منتخب ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی الیکٹورل کالج نے ڈونلڈ ٹرمپ کے صدر بننے کی توثیق کردی ہے۔ ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکٹورل کالج کے 304 ووٹ حاصل کیے جبکہ ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار ہلیری کلنٹن کو 224 ووٹ ملے۔

واضح رہے کہ امریکا کی 50 ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں کل الیکٹورل کالج کے ووٹوں کی تعداد 538 تھی تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کو صدر بننے کے لیے 270 ووٹوں کی تعداد درکار تھی۔ ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری کو امریکی صدر کے عہدے کا باضابطہ حلف اٹھائیں گے۔


اس خبر کو بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے 45 ویں صدر منتخب

امریکی صدارتی انتخاب کے 6 ہفتے بعد آج امریکا کے الیکٹورل کالج میں اگلے امریکی صدر اور نائب صدر کے لیے ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ امریکی صدارتی انتخابات کے بعد ہر ریاست سے چنے گئے 538 نامزد اراکین نے اگلے امریکی صدر اور نائب امریکی صدر کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے۔ الیکٹورل کالج کے نتائج سے 6 جنوری کو سرٹیفکیٹ آف ووٹ تیار کیا جائے گا جو کہ حکومتی ریکارڈ کا مستقل حصہ بن جائے گا اور اس کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ 20 جنوری 2017 کو امریکی صدر کے عہدے کا باضابطہ حلف اٹھائیں گے۔

واضح رہے کہ ان انتخابات کا نتیجہ ملکی سطح پر منعقد ہونے والے انتخابات کے نتائج سے ملتا جلتا ہی ہوتا ہے۔
Load Next Story