کراچی میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ایاز پلیجو

حکومت قانون کی بالا دستی نہیں چاہتی، دہشت گرد بیگناہوں کو قتل کر رہے ہیں

ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ فیئر ٹرائل بک کے نام پر ملک کے عوام کے بنیادی جمہوری حق کو غصب نہ کیا جائے۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

عوامی تحریک کے مرکزی صدر اور سپنا کے کنوینر ایاز لطیف پلیجو نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعات میں اضافے اور بے گناہ افراد کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے،۔

حکومت کراچی میں خود ہی قانون کی بالا دستی نہیں چاہتی، شہر میں دہشتگرد بے گناہ سندھیوں، بلوچوں، پختونوں اور اردو بولنے والوں کو قتل کر رہے ہیں، لیکن حکومت نے نام نہاد قومی مفاہمت کے نام پر دہشتگردوں کو چھوٹ دے رکھی ہے۔




انہوں نے کہا کہ آئندہ الیکشن ملتوی کرانے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں، دہشتگردی اور انتہا پسندی کو فروغ دے کر اگر الیکشن ملتوی کرانے کی سازش کی گئی تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہوں گے، عوام کے ووٹ دینے کے جمہوری حق کا راستہ روکنے کا ملک کے کسی بھی ادارے کو کوئی حق حاصل نہیں، کراچی میں سپریم کورٹ کے دیے گئے حکم پر مکمل عمل کیا جائے۔

ایاز لطیف پلیجو نے کہا کہ فیئر ٹرائل بک کے نام پر ملک کے عوام کے بنیادی جمہوری حق کو غصب نہ کیا جائے اور ایسا کوئی بھی بل پاس کر کے قانون کا حصہ نہ بنایا جائے جس سے عوام کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہو۔ فیئر ٹرائل بل پر نظر ثانی کی ضرورت ہے اور اس بل پر سول سوسائٹی اور سیاسی حلقوں کے خدشات کو بھی مدنظر رکھا جائے۔
Load Next Story