ٹوٹا پھوٹا ایشین بلاک پھر مضبوط بننے کی کوشش کرنے لگا

سب ریونیو کی تقسیم کے نئے طریقہ کارکیخلاف ووٹ دیںگے، پاکستان آئی سی سی میں بھارتی مفادات کا تحفظ کرے گا، رپورٹ

بھارت ایشین بلاک کی مدد سے حال ہی میں سامنے آنے والے ممبر بورڈ کنسورشیم کا مقابلہ کرنا چاہتا ہے۔ فوٹو: فائل

FAISALABAD:
ٹوٹا پھوٹا ایشین بلاک پھر مضبوط بننے کی کوشش کرنے لگا،بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی میں بی سی سی آئی کے مفادات کا تحفظ کرے گا، ایشین کرکٹ کونسل کی حالیہ میٹنگ میں پی سی بی کے ساتھ سری لنکا اور بنگلہ دیش نے بھی ریونیو کی تقسیم کے نئے طریقہ کار کیخلاف ووٹ دینے کا یقین دلادیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاک بھارت کشیدگی کے سبب باہمی میچز نہ ہونے سے ایشین بلاک کمزور ہو گیا تھا، مگر مشکلات میں گھرنے کے بعد بی سی سی آئی نے ایک بار پھر اسے مضبوط بنانے کی کوشش شروع کر دی، ایک بھارتی اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہاکہ ایشین کرکٹ کونسل کے حالیہ اجلاس میں پاکستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈز نے بی سی سی آئی کو یقین دلایاکہ وہ آئی سی سی کے ساتھ جاری تنازع میں اس کا ساتھ دیں گے۔

میٹنگ میں شامل ذرائع کے حوالے سے کہا گیا کہ ایشین بلاک نے متفقہ طور پر مطالبہ کیاکہ عالمی سطح پر کھیل کے حوالے سے لیے جانے والے فیصلوں میں کسی صورت بھارت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے، اگر عالمی کرکٹ کو برقرار رہنا ہے تو پھر بھارت کو اہمیت دینا ہوگی۔


بھارت ایشین بلاک کی مدد سے حال ہی میں سامنے آنے والے ممبر بورڈ کنسورشیم کا مقابلہ کرنا چاہتا ہے جس میں کرکٹ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ کرکٹ اور انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ شامل ہیں، وہ بگ تھری کے ریونیو ماڈل کو تبدیل کرنے کے ساتھ انٹرنیشنل کرکٹ رائٹس کے حوالے سے نیا فارمولا تیار کررہے ہیں،اس میں بھارت کو یکسر طور پر نظر انداز کیا جائے گا۔ بی سی سی آئی نے پی سی بی، ایس ایل سی اور بی سی بی کو اپنے ساتھ ملاکر چار قیمتی ووٹ محفوظ کرلیے جوآئی سی سی میٹنگ میں وہ اپنے مفادات کے خلاف آنے والی کسی بھی قرارداد کو مسترد کرنے کیلیے استعمال کرسکتا ہے۔

میٹنگ میں شریک ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کردی کہ جب گذشتہ دنوں آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیو رچرڈسن سری لنکا آئے تب میزبان بورڈ کے چیئرمین تھلنگا سماتھی پالا نے ان سے بھارتی کرکٹ بورڈ کے حوالے سے بات بھی کی تھی۔واضح رہے کہ آئی سی سی کی اگلی بورڈ میٹنگ فروری میں شیڈول ہے، جس میں بھارت ایشین بلاک کے بل بوتے پر اپنی بھرپور طاقت ظاہر کرنے کی کوشش کرے گا۔

 
Load Next Story