شہید بینظیر بھٹو کی برسی کل منائی جائے گی

گڑھی خدا بخش میں ہی عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ تقریبات کا آغاز جمعرات کو صبح 9 بجے سے ہوگا

گڑھی خدا بخش میں ہی عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ تقریبات کا آغاز جمعرات کو صبح 9 بجے سے ہوگا فوٹو: فائل

پیپلز پارٹی کی شہید چیئرپرسن بے نظیر بھٹو کی 5 ویں برسی کل (جمعرات) کو ملک بھر میں انتہائی عقیدت اور احترام سے منائی جائے گی۔


برسی کی تقریب کا مرکزی اجتماع گڑھی خدابخش لاڑکانہ میں ان کے مزار سے متصل گرائونڈ میں ہوگا۔گڑھی خدا بخش میں ہی عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ تقریبات کا آغاز جمعرات کو صبح 9 بجے سے ہوگا۔ مرکزی تقریب میں صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم راجا پرویز اشرف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری سمیت پیپلز پارٹی کی مرکزی اور چاروں صوبوں کی قیادت کے علاوہ ارکان اسمبلی، وفاقی و صوبائی وزراء اور دیگر رہنما شرکت کریںگے۔مرکزی تقریب میں شرکت کے لیے ملک بھر سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری سمیت پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت لاڑکانہ پہنچ گئی ہے ۔

کراچی سے مرکزی قافلہ کراچی ڈویژن کے رہنمائوں کی قیادت میں لیاری سے بدھ کی صبح لاڑکانہ کے لیے روانہ ہوگا۔ لاڑکانہ میں برسی کے موقع پر 10 ہزار سے زائد پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کیا جائے گی۔برسی کے حوالے سے ملک کے دیگر شہروں میں بھی قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کے اجتماعات منعقد ہوںگے۔ دریں اثنا پیپلز پارٹی کے تحت 27دسمبر کو گڑھی خدا بخش لاڑکانہ میں عوامی جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ جلسے کا آغاز جمعرات کی دوپہر 1 بجے ہوگا۔ جلسے میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پیپلز پارٹی کی آئندہ انتخابات کے لیے عوامی رابطہ مہم شروع کرنے کے علاوہ اپنے سیاسی کیریئر کا بھی آغاز کریں گے۔

Recommended Stories

Load Next Story