خوابوں کی تعبیر

اپنے خوابوں کی صحیح تعبیریں جانیے۔

آپ کے خوابوں کی تعبیریں جانیے۔ فوٹو : فائل

خانہ کعبہ کا طواف کرنا

آسیہ تبسم،لاہور

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں کسی ایئر پورٹ پر کھڑی ہوں اور اپنا سامان اتار رہی ہوتی ہوں۔ پھر میں نے دیکھا کہ میں اپنے میاں کے ساتھ احرام میں ہوں۔ پھر خواب کا منظر بدل جاتا ہے۔ میں خود کو خانہ کعبہ کے سامنے کھڑی پاتی ہوں۔ میں بڑی پرسکون ہوتی ہوں۔ کچھ لوگ خانہ کعبہ کا طواف کر رہے ہوتے ہیں میں بھی طواف کرنا شروع کر دیتی ہوں ۔ پھر میں اللہ تعالیٰ سے نہایت عاجزی سے دعا کرتی ہوں تو میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو خوشیاں عطا ہوں گی۔ زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ آپ کو عمرہ یا حج کی سعادت بھی نصیب ہو گی۔ آپ کے کاروبار میں بھی برکت ہو گی جس سے آپ کے مال اور وسائل دونوں میں بہتری آئے گی ۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے نبی کریمؐ کے حضور درود شریف پڑھا کریں اور کچھ اللہ کی راہ میں خیرات کریں۔

پھل دار درخت دیکھنا

مہر علی، سیالکوٹ

خواب: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے کھیت میں کھڑا ہوتا ہوں اور پھر میں اپنے کھیت کے کنارے کنارے جاتا ہوں۔ دکان پر میرے بزرگوں نے کافی تعداد میں کافی پھل دار درخت لگائے ہوئے ہوتے ہیں۔ میں ایک درخت کے نیچے جا کر کھڑا ہوتا ہوں اور اس درخت کو غور سے دیکھتا ہوں۔ اس درخت پر آم لگے ہوتے ہیں۔ جو بڑے خوش نما نظر آتے ہیں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا ۔ کاروبار میں وسعت پیدا ہو گی جس سے آپ کے مالی حالات بہتر ہوں گے۔ گھر میں آرام اور سکون ہو گا۔ دوستوں اور حلقہ احباب میں عزت اور توقیر ہو گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کیا کریں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں۔

بے رونق شہر

سہیل رضا،کراچی

خواب:میں نے دیکھا کہ میں ایک شہر میں ہوتا ہوں جو قدیم قسم کا ہوتا ہے۔ اس شہر کی دوکانیں تو کھلی ہوتی ہیں مگر وہاں پر کوئی دوکاندار نہیں ہوتا۔ میں شہر کی سڑکوں پر گھومتا ہوں مگر سارا شہر بے رونق ہوتا ہے۔ لوگ دور دور تک نظر نہیں آتے۔ اس طرح محسوس ہوتا ہے کہ یہ ایک برباد شہر ہے۔ میں اس شہر کو دیکھ کر بہت پریشان ہو جاتا ہوں اور پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: یہ خواب اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نہ کرے کوئی پریشانی لاحق ہو سکتی ہے۔ ملک میں یا شہر میں قحط سالی' خشک سالی یا کسی قسم کی بربادی آ سکتی ہے۔ اللہ نہ کرے کاروبار اور زندگی کا پہیہ جام ہو سکتا ہے۔ لوگوں کے لئے خوف اور پریشانی کی فضا پیدا ہو سکتی ہے۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور ہر نماز کے بعد کثرت سے استغفار کیا کریں اور کچھ صدقہ اور خیرات کریں۔

چشمہ کے پانی سے نہانا

وجاہت خان، صوابی


خواب:میں نے خواب میں دیکھا کہ میں اپنے گھر سے پہاڑ کی طرف جاتا ہوں۔ پہاڑ کے دامن میں ایک چشمہ ہوتا ہے جس کا بڑا شفاف اور صاف پانی اوپر پہاڑ سے آ رہا ہوتا ہے۔ میں جلدی سے اس چشمہ کے نیچے کھڑا ہو جاتا ہوں اور اس شفاف پانی سے غسل کرتا ہوں۔ میں غسل کرنے کے بعد کپڑے پہن لیتا ہوں۔ پھر بازار کی طرف چلا جاتا ہے تا کہ کچھ سودا خرید سکوں، پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے بیماری سے شفا ملے گی۔ پریشانیاں اور غم و فکر سے ذہن آزاد رہے گا۔ اللہ تعالیٰ کی رحمت شامل حال رہے گی۔ کاروبار میں برکت ہو گی۔ مال اور وسائل دونوں میں بھی بہتری آئے گی۔ خاندان میں عزت اور توقیر میں اضافہ ہو گا۔ بزرگی ملے گی۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد کریں۔

دوستوں کے ساتھ جوس پینا

بختاور حسین، کوہاٹ

خواب: میں نے دیکھا کہ میں اپنے چند دوستوں کے ساتھ کالج کے برآمدہ میں کھڑا ہوتا ہوں اور ہم لوگ آپس میں کھڑے گپیں لگا رہے ہوتے ہیں۔ موسم بھی بہت اچھا ہوتا ہے۔ میرا ایک دوست کنٹین میں جا کر جوس یا بوتل پینے کی خواہش ظاہر کرتا ہے۔ ہم سب لوگ کنٹین میں جاتے ہیں اور وہاں پر ایک میز کے گرد بیٹھ جاتے ہیں۔ کنٹین کا ایک ملازم ہمارے پاس آتا ہے اور ہم اسے جوس کی بوتلیں لانے کا آرڈر دیتے ہیں۔ پھر ہم کالج کی باتیں شروع کر دیتے ہیں اور جوس پینا شروع کر دیتے ہیں۔ جوس بڑا ذائقہ دار ہوتا ہے۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کے رزق میں اضافہ ہو گا۔ اللہ تعالیٰ آپ کو خوشیاں عطا کریں گے۔ زندگی میں آسانیاں پیدا ہوں گی۔ پڑھائی میں دل لگے گا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یا حی یا قیوم کا ورد بھی کریں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت پاک کا مطالعہ کیا کریں۔

ریشمی سوٹ زیب تن کرنا

ثریا نسیم، شجاع آباد

خواب: میں نے دیکھا کہ میں ایک درزی کی دُکان پر کھڑی ہوں اور وہاں سے اپنا ایک ریشمی سوٹ لے کر آتی ہوں۔ پھر میں اپنے کمرے میں جاتی ہوں اور وہ ریشمی سوٹ پہن لیتی ہوں۔ درزی نے وہ سوٹ بہت اچھا تیار کیا ہوتا ہے، اس سوٹ کو میرے جسم کے مطابق اچھے طریقے سے سیٹ کیا ہوتا ہے۔ میں یہ ریشمی سوٹ بہت زیادہ پسند کرتی ہوں اور بہت خوش ہوتی ہوں۔ پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر: اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کو خوش یقینی عطا ہوگی۔ آپ کے معاشی وسائل اور حالات میں بہتری آئے گی، گھر میں آرام اور برکت ہو گی۔ آپ کے رزق میں اضافہ ہوگا۔ آپ نمازِ پنج گانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یاقیوم کا ورد بھی جاری رکھیں۔

تنور میں روٹی لگانا

نعمان احمد، بلوچستان

خواب:۔ میں نے خواب میں دیکھا کہ میں شہر سے اپنے گاؤں جاتا ہوں اور پھر میں خود کو اپنے گھر میں دیکھتا ہوں۔ میں نے دیکھا کہ میری امی نے گھر کے ایک کونے میں ایک چھوٹا سا تنور لگا رکھا ہے اور دوپہر کے وقت وہ اس تنور میں روٹی لگانا شروع کر دیتی ہیں۔ میں صحن میں بیٹھا ان کو بڑے شوق سے دیکھتا ہوں۔ پھر وہ ایک کپڑے کے ساتھ اس تنور سے روٹی نکالتی ہیں اور گرم گرم روٹی مجھے دیتی ہیں۔ میں وہ روٹی سالن کے بغیر ہی کھا جاتا ہوں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔

تعبیر:۔ اچھا خواب ہے جو اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی مہربانی سے آپ کی نعمتوں میں اضافہ ہوگا۔ آپ کو کثیر رزق حلال عطا ہوگا۔ آپ کے کاروبار میں برکت ہوگی جس سے آپ کے مال اور وسائل میں بہتری آئے گی۔ گھر میں آرام اور سکون ہوگا۔ آپ نماز پنجگانہ ادا کیا کریں اور کثرت سے یاحی یا قیوم کا ورد کیا کریں۔ رات کو سونے سے پہلے نبی کریمؐ کی سیرت طیبہ کا مطالعہ کیا کریں۔
Load Next Story