کراچی مولانا اورنگزیب فاروقی پر قاتلانہ حملے کے خلاف شہر میں جزوی ہڑتال

نرسری میں مشتعل افراد نے گاڑی کو آگ لگادی جبکہ لسبیلہ، پٹیل پاڑہ اور شیرشاہ میں مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی جاری رہی

نرسری میں مشتعل افراد نے گاڑی کو آگ لگادی جبکہ لسبیلہ، پٹیل پاڑہ اور شیرشاہ میں مشتعل افراد کی ہنگامہ آرائی جاری رہی۔ فوٹو : ایکسپریس نیوز

اہلسنت والجماعت کے رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی پر قاتلانہ حملے کےخلاف شہر میں جزوی ہڑتال کی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مولانا اورنگزیب فاروقی پر قاتلانہ حملے کے خلاف اہلسنت والجماعت کی جانب سے کراچی میں ہڑتال کے دوران مختلف علاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند رہے جبکہ سڑکوں پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی نہ ہونے کے برابر تھی۔ ذرائع کے مطابق مولانا اورنگزیب فاروقی پر حملے کے الزام میں 5 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ہڑتال کے دوران شہر کے مختلف علاقوں میں صورتحال کشیدہ رہی، نرسری کے علاقے میں مشتعل افراد نے گاڑی کو آگ لگادی جبکہ لسبیلہ، پٹیل پاڑہ اور شیرشاہ میں مشتعل افراد نے ٹائر جلاکر سڑکیں بلاک کردیں جس کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی، کورنگی میں نامعلوم افراد نے ہوائی فائرنگ کی اور گاڑیوں پر پتھراؤ کیا۔


شہر کے بیشتر علاقوں میں پٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بند ہونے سےعوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی علاقوں میں دکانیں بند ہونےسےکاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا۔ سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے جس کی وجہ سے دفاتر جانے والے افراد کو سخت پریشانی کا سامنا رہا۔

دوسری جانب جامعہ کراچی میں آج ہونے والے بی اے، بی ایس سی اور بی ایڈ کے پرچے ملتوی کردیے گئے، نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ کراچی میں منگل کے روز بھی قتل وغارت گری کا بازار گرم رہا اور شہر کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات میں 19 افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔

Recommended Stories

Load Next Story