ایتھلیٹس کی غیرذمہ داری سے سیکیورٹی داؤ پر لگ گئی

کئی ٹاپ کھلاڑیوں نے اپنے اولمپک ولیج کے انٹری کارڈ کی تصاویر ٹویٹر پر جاری کردیں

کئی ٹاپ کھلاڑیوں نے اپنے اولمپک ولیج کے انٹری کارڈ کی تصاویر ٹویٹر پر جاری کردیں۔ فوٹو اے ایف پی

ایتھلیٹس کی غیرذمہ داری سے اولمپکس سیکیورٹی دائو پر لگ گئی، کئی ٹاپ کھلاڑیوں نے اپنے اولمپک ولیج کے انٹری کارڈ کی تصاویر ٹویٹر پر جاری کردیں، سیکیورٹی ماہرین نے اس حرکت کو دہشتگردوں کو 'گولڈن ٹکٹ' تھمانے کے مترادف قرار دیا ہے، ادھر برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے گیمز کے محفوظ انعقاد کو اولین ترجیح قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لندن گیمز میں شریک کئی ایتھلیٹس نے اولمپک ولیج میں داخلے کیلیے اپنے کارڈز کی انتہائی صاف تصاویر ٹویٹر پرجاری کردی ہیں، سیکیورٹی خطرات سے خبردار کرنے والے ماہرین کا کہنا ہے کہ دہشتگرد ان پاسز کی نقل تیار کرکے آسانی سے وینیوز میں داخل ہوسکتے ہیں، ماہرین کے نزدیک سب سے خطرناک بات یہ ہے کہ ان کارڈز میں کوئی انفراریڈ یا مائیکرو چپ ٹیکنالوجی استعمال نہیں کی گئی،


اس لیے نقل تیار کرنا کوئی زیادہ مشکل کام نہیں ہے۔ ٹویٹر پر اولمپک ولیج کا ایکریڈیٹیشن کارڈ جاری کرنے والے ایتھلیٹس میں امریکا کی سینئر فٹبالر کارلی لائیڈ اور برطانوی اولمپک اور ٹرپل ورلڈ چیمپئن کشتی ران زیر پرچیز بھی شامل ہیں۔ تھریٹ مینجمنٹ فرم آئی پی سی کے سربراہ ول گیڈز نے اس غیرذمہ داری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایتھلیٹس خود ہی اپنی انتہائی اہم دستاویزات کو افشا کررہے ہیں جس کی کوئی بھی نقل تیار کرسکتا ہے،

مجھے جومعلومات حاصل ہیں ان کے مطابق ان پاسز میں کوئی ٹیکنالوجی استعمال نہیں کی گئی، صرف بارکوڈ موجود ہے اور اگر اس کی تصویر انتہائی صاف ہو تو اس کی بھی نقل تیار کرکے ڈیٹا تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے، لندن اولمپکس کا ایکریڈیٹیشن انتہائی اہم دستاویزاور ایتھلیٹس کیلیے گولڈن ٹکٹ کے مترادف ہے، اس کی تصاویر ٹویٹر پر جاری کرنا'گولڈن ٹکٹ' دہشتگردوں کے ہاتھوں میں دینے کے مترادف ہے۔ دوسری جانب برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے کہاکہ ہمارے لیے سب سے اہم بات گیمز کی سیکیورٹی ہے، اولمپکس کا محفوظ اور پُرامن انعقاد ہماری ترجیحات میں شامل اور اس کے لیے سخت ترین اقدامات کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
Load Next Story