ہماری دشمنی پاکستان کے دشمنوں سے ہے آرمی چیف

وہ بھائی جو ناسمجھی میں دشمن کے بہکاوے میں آگئے ہیں ان کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں، سربراہ پاک فوج

وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کے وسائل سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ : فوٹو : فائل

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ ہماری دشمنی پاکستان کے دشمنوں سے ہے اور ناسمجھی میں دشمن کے بہکاوے میں آنے والے بھائیوں کے لیے ہمارے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں ۔

کوئٹہ میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمارا گھر، قبیلہ اور ملک ہے اور بلوچستان پاکستان کا بڑا اور اہم صوبہ ہے، اللہ نے بلوچستان کو بے پناہ وسائل اور یہاں کے عوام کو بے پناہ صلاحیتوں سے نوازا ہے، یہ صوبہ میرے دل کے بہت قریب ہے بہت کم لوگوں کو پتہ ہے کہ میرا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے ہے اور آرمی میں مجھے بلوچی کہلانے پر فخر ہوتا ہے۔ بلوچستان میں امن وامان اور ترقی ہم سب کی اولین ترجیح ہے۔


جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے اسی لئے دشمن بلوچستان کی ترقی کی راہوں اور روشن مستقبل میں رکاوٹ بننا چاہتا ہے اور صوبے میں بدامنی پھیلا رہا ہے لیکن بلوچ عوام بھی دشمن کی چالوں کوسمجھ گئے ہیں، بلوچستان کے بہادر بیٹے وطن کی آواز پر لبیک کہہ رہے ہیں اور ملک دشمن عناصر کو مسترد کر کے مادروطن پر جان نچھاور کرنے کے لئے تیار ہیں فخر ہے کہ بلوچستان کے عوام ملک کے دفاع میں کسی سے پیچھے نہیں اور قانون نافذ کرنےوالے ادارے بھی صوبے میں امن قائم کرنےمیں کردارادا کر رہے ہیں، وہ بھائی جو ناسمجھی میں دشمن کےبہکاوےمیں آگئے ہیں ان کےلیےدروازےکھلے ہیں، ہماری جنگ پاکستان کے دشمنوں سے ہے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج قومی یکجہتی کی مظہر ہے پاک فوج میں تمام صوبوں کی نمائندگی ان کی آبادی کے تناسب سے ہے،بلوچستان کے ہزاروں نوجوانوں کو فوج، ایف سی ، پولیس اور دیگر اداروں میں شامل کیا جارہا ہے، بلوچ بھائیوں کی ترقی کی منزل اب حقیقت بن چکی ہے وہ دن دور نہیں جب بلوچستان کے وسائل سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، سی پیک خطےکوترقی کےنئےدورمیں داخل کردے گا۔
Load Next Story