ون پاؤنڈ فش برطانوی میوزک کمپنی کے ساتھ معاہدہ ہوچکا شاہد نذیر

پاکستان میں کچھ وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزارنے کے بعد برطانوی ہائی کمیشن میں ویزہ کے لیے درخواست دوں گا۔

خوشی ہے کہ گیت کی وجہ سے مجھے ایک نام اورپہچان ملی ہے،شاہد نذیر۔ فوٹو : فائل

KARACHI:
سوشل ویب سائٹ پر نظر آنے والے گیت ''ون پائونڈ فش'' سے شہرت حاصل کرنے والے گلوکارشاہد نذیر برطانوی حکومت کی جانب سے ملنے والی وارننگ کے بعد گزشتہ شب غیرملکی ائیرلائن کی پرواز کے ذریعے پاکستان کے لیے روانہ ہوگئے۔

اس موقع پربرطانیہ میں شاہد نذیر کے ساتھ معاہدہ کرنیوالی میوزک کمپنی کے منتظمین اوران کے منیجرراج بھی لندن ائیرپورٹ پر موجود تھے۔ اس موقع پر ''نمایندہ ایکسپریس'' سے فون پرگفتگوکرتے ہوئے شاہد نذیرکا کہنا تھا کہ انھیں برطانوی حکومت کی جانب سے ویزا ختم ہونے پرملک چھوڑنے کی ہدایت ملی تھی جس پرعمل کرتے ہوئے میں مقررہ وقت سے قبل ہی پاکستان آرہا ہوں۔ لیکن میں نے ایک برطانوی میوزک کمپنی کے ساتھ معاہدہ ہوچکا ہے جومجھے آیندہ برطانیہ میں کام کرنے کے لیے ورک ویزہ بھیج رہی ہے۔




میں پاکستان آنے کے بعد پہلے کچھ وقت اپنی فیملی کے ساتھ گزاروں گا اورپھر ورک پرمٹ ملنے کے بعد برطانوی ہائی کمیشن میںویزہ کے لیے درخواست دوں گا۔ انھوں نے کہا کہ اپنے گیت ''ون پائونڈ فش''کی مقبولیت کے حوالے سے بتایاکہ سوشل ویب سائٹ پرآنے کے بعدمیرے گیت کو زبردست رسپانس ملا ہے۔ دنیا بھر کے لوگوں نے میرے گیت کودیکھا اورسراہا ہے جو میرے لیے کسی بھی ایوارڈ سے کم نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس وقت برطانیہ اورپاکستانی میڈیا ہی نہیں بلکہ بھارت سمیت دنیا کے بیشترممالک کا میڈیا مجھ سے رابطے میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ گیت ریکارڈ کرنے سے قبل مجھے یہ اندازہ نہیں تھا کہ اس کا اس قدر اچھا رسپانس سامنے آئے گا، لیکن مجھے خوشی ہے کہ میرے گیت کی وجہ سے مجھے ایک نام اورپہچان ملی ہے ۔ میں اپنے میوزک کے ذریعے لوگوںکو انٹرٹین کرونگا اورمیرے کام سے پاک وطن کا نام بھی روشن ہوگا۔
Load Next Story