طاہرالقادری جمہوریت کیخلاف سازش کا حصہ نہ بنیں کائرہ

عدلیہ سیاسی ایشوز سے الگ رہے،بینظیرقتل کیس کی تحقیقات سے صدرآگاہ ہیں، وفاقی وزیر

نواز شریف انتخابات سے گھبرارہے ہیں، انھیں عدلیہ اورایجنسیوں کے بغیرالیکشن لڑنا پڑیگا۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر اطلاعات قمر الزماں کائرہ نے کہا ہے کہ طاہرالقادری جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش کا حصہ نہ بنیں، عدلیہ سیاسی ایشوز سے الگ رہے۔

عدالتوں کے فیصلوں پر تنقید سے عدلیہ کا احترام مجروح ہورہا ہے، شہید بینظیر بھٹو قتل کیس کی تحقیقات سے صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، بختاور بھٹو اور آصفہ بھٹو آگاہ ہیں، آئندہ انتخابات میں عوام جسے منتخب کرینگے ان کو پھولوں کے ہار پہنائیں گے،ان خیالات کا اظہار انھوں نے بدھ کو سکھر پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید احمد شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ معاون خصوصی پہلاج مل، پی پی سٹی سکھر کے صدر مشتاق سرہیو، ایم پی اے ڈاکٹر نصر اللہ بلوچ، ڈاکٹر ارشد مغل، نیاز علی میمن و دیگر بھی موجود تھے۔

قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے بعد 27 دسمبر کو تیسرا بھٹو بلاول بھٹو زرداری سیاسی سفر کا آغاز کرے گا، وہ گڑھی خدا بخش بھٹو میں جلسہ عام میں قوم کے سامنے اپنا وژن کا پیش کریں گے، پیپلز پارٹی کو ہمیشہ خون میں نہایا ہوا پاکستان دیا گیا، شہید بھٹو کو اس وقت اقتدار دیا گیا جب ملک دولخت ہوچکا تھا اور 90ہزار فوجی دشمن کی قید میں تھے، بھٹو نے شکستہ پاکستان اور مایوس قوم کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرکے ایٹمی قوت بنایا، شہید بینظیر بھٹو کو اس وقت اقتدار ملا جب ملک میں کلاشنکوف اور ہیروئن کلچر کا عروج تھا۔

شہید بی بی نے چیلنج قبول کر کے ملک کو بچایا، 2008 میں بھی پیپلز پارٹی کو ایسا ملک دیا گیا جو دہشت گردی کی لپیٹ میں تھا جس وقت پی پی اقتدار میں آئی اشیائے خورونوش درآمد کی جاتی تھیں، حکومت کی پالیسیوں کے باعث اب ملک خود کفیل ہے، انھوں نے کہاکہ چیف جسٹس ججوں کو خریدنے والوں کیخلاف بھی کارروائی کریں، صدر زرداری اور شہید بینظیر کے خلاف وزیر اعلیٰ پنجاب نے جھوٹے مقدمات بنوائے تھے، سیف الرحمن نے راولپنڈی کی عدالت کے جج ملک قیوم کو آصف زرداری اور بینظیر بھٹو کو سزا دلانے کے لیے فون کیے تھے جن کا ریکارڈ منظر عام پر آنے کے بعد سپریم کوٹ نے سزا کالعدم قرار دیدی تھی۔




چیف جسٹس عدلیہ کے ماتھے پر لگے اس کلنگ کو بھی دھوئیں جن ججوں نے رشوت لی اور مک مکاکیا وہ گھر چلے گئے لیکن جس نے ججوں کو رشوت دے کر انصاف کو خریدا وہ آج بھی وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر قائم ہے، وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم پر کرپشن کے جھوٹے الزامات لگاکر نواز شریف نے اس جرمن محاورے پر عمل کررہے ہیں کہ ''دن رات اس قدر جھوٹ بولو کہ لوگ اسے سچ سمجھنے لگیں''، نواز شریف انتخابات سے گھبرارہے ہیں کیونکہ اب انھیں عدلیہ اور ایجنسیوں کے سہارے کے بغیر الیکشن لڑنا پڑے گا، پروفیسر محمد طاہر القادری کو خوش آمدید کہتے ہیں لیکن انھیں یاد رکھنا چاہیے کہ وہ پاکستان میں جمہوریت کے ثمرات کی وجہ سے آسکے ہیں، وہ اپنی جماعت کو منظم کریں اور لوگوں سے ووٹ مانگیں لیکن جمہوریت کو ڈی ریل کرنے کی سازش کا حصہ نہ بنیں، انھوں نے کہا کہ جاگ پنجابی جاگ کا نعرہ اب نہیں چلے گا۔

ن لیگ کے لیڈر پروپیگنڈا کررہے ہیں کہ پنجاب کی صنعتوں کو بجلی و گیس کی فراہمی بند کرکے لوگوں کو بیروزگار کیا جارہا ہے، ہم انھیں بتانا چاہتے ہیں کہ نہروں میں پانی کی سطح گرنے سے ہائیڈرل پاور میں کمی ہوئی ہے یہ کمی عارضی ہے، اپٹما اور دیگر صنعتوں کو اخبارات میں اس حوالے سے اشتہارات دیکر حکومت پر دبائو نہیں ڈالنا چاہیے، 5سالہ کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس ووٹ لینے جائیں گے۔

پیپلز پارٹی نے ملک کے تمام اہم ایشوز کو حل کیا ہے، مخالفین کی سازشیں ناکام ہوں گی۔ قبل ازیں قمر زمان کائرہ اور سید خورشید احمد شاہ نے محمد بن قاسم پارک میں شہید بینظیر بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منعقدہ تقریب میں شرکت کی، پیپلز یوتھ، سپاف اور پیپلز پارٹی کے سیکڑوں کارکنوں نے اپنے خون سے دیے جلاکر اور شہید بینظیر بھٹو کی تصویر پر پھول نچھاور کرکے شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کیا۔

Recommended Stories

Load Next Story