باسط علی نے تھپڑ مارنے پر محمود حامد سے معافی مانگ لی

محمود حامد نے نجی ٹی وی چینل پر بیٹھ کر میرے بارے میں غلط باتیں کیں جس پر مجھے سخت غصہ تھا، باسط علی

میں نے محمود حامد  کے ساتھ جو سلوک کیا وہ ایک جارحانہ رویہ تھا جس پر مجھے شرمندگی ہے، باسط علی : فوٹو : فائل

سابق ٹیسٹ کرکٹر باسط علی نے اپنے ہم عصر کرکٹر محمود حامد کو تھپڑ مارنے پر معافی مانگ لی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سابق ٹیسٹ کرکٹر اور پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ باسط علی نے ساتھی کرکٹر محمود حامد سے معافی مانگ لی ہے۔ باسط علی نے محمود حامد کو فون کرکے اپنے کئے پر شرمندگی کا اظہار کیا اور معافی بھی مانگی۔


سابق ٹیسٹ کرکٹر کا کہنا تھا کہ محمود حامد نے نجی ٹی وی چینل پر بیٹھ کر میرے بارے میں جو باتیں کیں اس پر مجھے غصہ آیا وہ میرے ساتھ کھیلے ہیں اور میرے جونیئر ہیں انہیں یہ باتیں زیب نہیں دیتیں تاہم میں نے ان کے ساتھ جو سلوک کیا وہ ایک جارحانہ رویہ تھا جس پر مجھے شرمندگی ہے اور میں اس پر محمود حامد سے معافی مانگتا ہوں۔

واضح رہے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں قائد اعظم ون ڈے انٹرنیشنل کپ کے میچ کے دوران ویمن کرکٹ ٹیم کے کوچ باسط علی اور سابق کرکٹر محمود حامد کے درمیان تلخ کلامی ہوئی اور بات یہاں تک بڑھ گئی کہ باسط علی نے محمود حامد کو تھپڑ رسید کردیا تھا۔

 
Load Next Story