کراچی مردہ سمجھ کر دفنایا گیا شخص زندہ نکل آیا
لیاری میں حیران کن طور پر مردہ سمجھ کر دفنایا گیا شخص عبد المجید زندہ بچ گیا۔
عبد المجید کے گھر والوں نے 2 روز قبل کسی لاپتہ ہونے والے شخص کی لاش ایدھی مردہ خانے سے وصول کرکے اس کی تدفین کردی۔ ابھی قرآن خوانی و فاتحہ خوانی کا سلسلہ جاری ہی تھا کہ فیروز آباد تھانے میں قید عبد المجید نے کسی طرح اپنے گھروالوں سے فون پر رابطہ کیا۔ پہلے پہل تو فون پر عبد المجید کی آواز سن کر اہل خانہ اسے ایک خواب سمجھے لیکن جب بیوی بچوں سمیت پورا خاندا ن تھانے پہنچا تو عبد المجید زندہ سلامت اپنے گھر والوں کا منتظر تھا۔
عبد المجید کے مطابق 2 روز قبل وہ ایک اسٹور پر گیا تھا جہاں اس کا اسٹور مالک سے جھگڑا ہوگیا تھا جس پر ٹیپو سلطان پولیس نے اسے غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں گرفتار کرلیا اور اسے فیروز آباد تھانے میں بند کردیا گیا جہاں سے اس نے اپنے گھروالوں سے رابطہ کیا۔
دوسری جانب خوشی سے سرشار عبد المجید کے اہل خانہ کہتے ہیں کہ جس شخص کی انہوں نے تدفین کی ہے وہ عبد المجید سے بہت مشابہت رکھتا تھا، وہ اب دفنائے گئے شخص کا سوئم بھی کریں گے اور اگر اس کے لواحقین نے رابطہ کیا تو انہیں اس کی قبر پر بھی لے کر جائیں گے۔